0
Friday 14 Feb 2020 11:08

ڈاکٹر عارف علوی کی اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

ڈاکٹر عارف علوی کی اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ترکی نے اس امر پہ اتفاق کیا ہے کہ اسلام فوبیا سمیت امت کو درپیش تمام چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا۔ یہ اتفاق رائے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان سے ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ترکی کے صدر نے پاکستان آمد کے بعد ایوان صدر میں ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جنہوں نے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان ہونے والی ملاقات اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفاد کے امور پر باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کی بے پناہ صلاحیتوں کو مکمل طور پر سمجھنے اور ان کو ایک مضبوط و متحرک تجارتی و معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اعلیٰ سطح کے اسٹرٹیجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے چھٹے اجلاس کے لیے پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ صدر مملکت نے صدر رجب طیب ایردوان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین بہتر اور کثیر الجہتی تعلقات پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی اسٹرٹیجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس سے پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور ان کو وسعت ملے گی۔ ڈاکٹر عارف علوی اور رجب طیب ایردوان نے پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاسی، معاشی، ثقافتی، دفاع اور عوام کی سطح پر رابطوں سمیت دو طرفہ تاریخی تعلقات کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں ان کے اصولی موقف پر شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے افغانستان میں قیام امن اور مفاہمت کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو افغانستان میں شورش کے بعد تعمیرنو میں اپنی مدد کو بڑھانا چاہیے۔ پاکستان اور ترکی کے صدور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفاد کے امور پر باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ سربراہان مملکت نے نے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کی بے پناہ صلاحیتوں کو مکمل طور پر سمجھنے اور ان کو ایک مضبوط و متحرک تجارتی اور معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے ترک صدر رجب طیب ایردوان اور ان کی اہلیہ امینہ ایردوان سمیت اعلیٰ سطحی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
خبر کا کوڈ : 844472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش