0
Friday 14 Feb 2020 14:54

پرویز الہیٰ کا دورہ سرگودہا، رکن اسمبلی کے گھر سے پی ٹی آئی کا پرچم اتار دیا گیا

پرویز الہیٰ کا دورہ سرگودہا، رکن اسمبلی کے گھر سے پی ٹی آئی کا پرچم اتار دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے سرگودہا میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ہماری جماعت اکٹھی چل رہی ہیں اور ہمارا مستقبل بھی اکٹھا ہے، عثمان بزدار کی تبدیلی کا فیصلہ کرنا تحریک انصاف کا کام ہے، ہم انہیں سپورٹ کرتے رہیں گے، موجودہ بحران سابقہ غلطیوں کا نتیجہ ہے، اگر بلدیاتی ادارے موجود ہوتے تو موجودہ مہنگائی کا طوفان نہ آتا۔ سرگودھا میں تحریک انصاف کے ایم این اے عامر سلطان چیمہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں اس قدر کام ہوئے کہ اس سے پہلے کسی دور میں اتنے کام نہیں ہوئے تھے، ہمارے دور میں ہم نے کسان کا نقصان نہیں ہونے دیا، نیب قوانین کی بہتری کیلئے سوچ بچار ہو رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں قاف لیگ بھرپور حصہ لے گی، اگر بلدیاتی ادارے ہوتے تو مہنگائی کا جو طوفان ابھی اٹھا ہے، ایسا نہ ہوتا۔

اپنے خطاب کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی نون لیگ کے خلاف بولنے سے گریزاں رہے، جبکہ پرانے تعلقات کے قصے سناتے رہے۔ واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی اپنی بھتیجی تنزیلہ عامر چیمہ کی دعوت پر خصوصی طور پر سرگودھا پہنچے، ان کی آمد سے قبل ہی قصر سلطان پر سے تحریک انصاف کا پرچم ہٹا دیا گیا، جبکہ استقبال کے لیے لگے بینرز اور پینا فلیکسز پر چیمہ خاندان کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے نام تو لکھے گئے، لیکن ان کے ناموں کے ساتھ تحریک انصاف کا نام نہیں لکھا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے دورہ سرگودھا میں بلدیاتی انتخابات میں ملک بھر سے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سرگودھا میں تنزیلہ عامر سلطان چیمہ کو امیدوار نامزد کر دیا، جو قبل ازیں پاکستان خواتین ہاکی فیڈریشن کی سربراہ کے علاوہ چیئر پرسن ضلع کونسل رہ چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 844533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش