0
Friday 14 Feb 2020 15:26

امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی تعلقات جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں، دفتر خارجہ

امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی تعلقات جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فروخت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکی فیصلے سے خطے کے استحکام پر سنجیدہ اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا ہتھیاروں کی دوڑ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ترجمان نے امریکا کی جانب سے بھارت کو جدید فضائی دفاعی نظام (ایڈوانسڈ انٹرڈکشن ویپن سسٹم اے آئی ڈبلیو ایس) کی فروخت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی تعلقات جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں، عالمی برادری پاکستان کیخلاف بھارت کے جارحانہ عزائم اور بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے دھمکی آمیز بیانات سے بخوبی آگاہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں عدم استحکام کی کوششوں سے روکے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نام نکلنے کے حوالے سے پرامید ہے اور عالمی برادری میں پاکستان کے پارٹنرز اس سلسلے میں مدد کے خواہاں ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی کئی مرتبہ پیشکش کی گئی، اب اس پیشکش کو حقیقت کا روپ دیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ اپنے دورہ ہندوستان میں امریکی صدر نریندر مودی سے اس مسئلے پر بات کر ینگے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی ترکی میں مبینہ موجودگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے کہ وہ کہاں ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کے پاکستان کے 2 روزہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں نہ صرف قریبی و دوستانہ تعلقات ہیں بلکہ یہ تعلقات بھائی چارے پر مبنی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 844541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش