QR CodeQR Code

رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کا بہیمانہ قتل صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، علی حسین نقوی

16 Feb 2020 00:27

صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ سندھ کی دھرتی کالعدم تکفیری جماعتوں کے سفاک دہشت گردوں اور بے رحم قاتلوں کی محفوظ پناہ گاہ بنی چکی ہے کہ جہاں جب چاہے کسی کو بھی فرقہ واریت اور نظریاتی اختلافات کی بنیاد پر نشانہ بنایا جاتا ہے، اس کے بعد سفاک قاتل اداروں کی سیکیورٹی میں دندناناتے پھرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید علی حسین نقوی نے نوشہرو فیروز میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے بہیمانہ اور سفاکانہ قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے میں امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورا صوبہ سفاک تکفیری دہشت گردوں اور بے رحم قاتلوں کے رحم و کرم پر ہے جبکہ صوبائی حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ہر چند ماہ کے دورانیہ میں آئی جی سندھ کو تعینات اور فارغ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں سید علی حسین نقوی نے کہا کہ سندھ کی دھرتی کالعدم تکفیری جماعتوں کے سفاک دہشت گردوں اور بے رحم قاتلوں کی محفوظ پناہ گاہ بنی چکی ہے کہ جہاں جب چاہے کسی کو بھی فرقہ واریت اور نظریاتی اختلافات کی بنیاد پر نشانہ بنایا جاتا ہے، اس کے بعد سفاک قاتل، دہشت گرد سرعام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سیکیورٹی میں دندناناتے پھرتے ہیں۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ اپنی ہی پارٹی کی ایک ایم پی اے شہناز انصاری کی حفاظت نا کر پانے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت عوام کو کیسے تحفظ فراہم کر سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی سرزمین سندھ پر حکومتی نہیں بلکہ دہشت گردوں کی رٹ قائم ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

علی حسین نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور اندرون سندھ فرقہ واریت اور فرسودہ روایات کے نام پر عام انسانوں کا قتل عام قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت سانحہ جیکب آباد، سانحہ شکارپور اور سانحہ سہون سمیت دیگر قومی سانحات میں سینکڑوں مظلوموں کا لہو بنانے والے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر نشان عبرت بنا دیتی تو آج کسی میں مجال نا ہوتی ہے کہ وہ کسی ایک گروہ یا فرد کو مذہبی جنونیت یا نظریاتی اختلافات اور فرسودہ روایات کی بناء پر قتل کر سکے۔ سید علی حسین نقوی نے شہناز انصاری کے بہیمانہ قتل پر ان کے اہل خانہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان سے اظہار افسوس اور دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نوشہرہ فیروز میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملوث افراد سمیت سانحہ شکارپور، سانحہ جیکب آباد، سانحہ سہون سمیت دیگر قومی سانحات میں ملوث قاتلوں اور تکفیری دہشتگردوں کو فوری گرفتار کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 844836

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844836/رکن-سندھ-اسمبلی-شہناز-انصاری-کا-بہیمانہ-قتل-صوبائی-حکومت-کی-ناکامی-منہ-بولتا-ثبوت-ہے-علی-حسین-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org