QR CodeQR Code

امریکی و سعودی دباؤ سے نکل کر پالیسیاں بنائی جائیں، معصوم نقوی

16 Feb 2020 18:18

لاہور میں جے یو پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ترکی کی طرح دوسرے اسلامی ممالک خاص طور پر سعودی عرب کو پاکستانی موقف کی حمایت کی جرات مندانہ پالیسی اختیار کرنی چاہیئے، تاکہ امت مسلمہ کے دکھ بانٹے جا سکیں اور اتحاد کا عملی مظاہرہ ممکن ہوسکے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ طیب اردوان کا دورہ پاکستان کامیاب رہا، معاشی سفارتی محاذ پر کامیابی ہوگی، اردوان دلیر لیڈر ہیں، جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کیساتھ محبت کا رشتہ نبھایا ہے، مگر افسوس حکومت نے سعودی دباو میں کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہیں کی تھی، جس کا پاکستان کو سفارتی سطح پر شدید نقصان ہوا، قوم کا مطالبہ ہے کہ امریکی اور سعودی دباو سے نکل کر ملکی مفاد میں آزادانہ خارجہ پالیسی اختیار کی جائے۔ اس حوالے سے عمران خان کا دورہ ملائیشیاء اور طیب اردوان کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے دورے پاکستان کی سالمیت کیلئے نیک شگون ثابت ہوں گے۔

لاہور میں جے یو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ترکی کی طرح دوسرے اسلامی ممالک خاص طور پر سعودی عرب کو پاکستانی موقف کی حمایت کی جرات مندانہ پالیسیاں اختیار کرنی چاہیئے، تاکہ امت مسلمہ کے دکھ بانٹے جا سکیں اور اتحاد کا عملی مظاہرہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر کے دورہ پاکستان سے عالمی برادری کو کشمیری مظلوموں کی حمایت کے بارے میں اچھا پیغام ملا ہے۔ ان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب تاریخی تھا، ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی، سفارتی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات میں بہتری آئے گی اور سیاسی قیادت امت مسلمہ کے اتحاد اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات پر عمل کرے گی، اس سے عالمی برادری کو اچھا پیغام جائے گا اور اسلامی ممالک کا وقار بلند ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 844854

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844854/امریکی-سعودی-دباؤ-سے-نکل-کر-پالیسیاں-بنائی-جائیں-معصوم-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org