QR CodeQR Code

ہنگو میں 8 سالہ ذہنی معذور بچی جنسی زیادتی کے بعد قتل

16 Feb 2020 13:32

واقعے کے بعد پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر پھیل گئی ہے اور لوگ کہتے ہیں کہ انکے علاقے میں ایسا واقعہ پہلی دفعہ سامنے آیا ہے جو کہ پولیس کیلئے بھی ایک ٹیسٹ کیس ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ہنگو کے علاقہ دوابہ میں کل شام سے لاپتہ 8 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جو کہ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کے بعد قتل کی گئی ہے۔ سروخیل سے تعلق رکھنے والی مدیحہ کل شام سے اپنے گھر سے غائب تھی جس کے تلاش کیلئے ورثاء نے تمام رات بہت کوشش کیں لیکن نہیں ملی۔ پولیس کے مطابق آج صبح گاؤں سے دور جھاڑیوں سے مدیحہ کی لاش ملی ہے جس کو چاقوؤں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔ لاش کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں پر ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق کی ہے۔ ورثاء کے مطابق مدیحہ اور بچوں سے مختلف تھی اور دماغی طور پر تھوڑی ابنارمل بھی تھی جس کی وجہ سے گھر میں اسکا اور بچوں کی بنسبت زیادہ خیال رکھا جاتا تھا۔

واقعے کے بعد پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر پھیل گئی ہے اور لوگ کہتے ہیں کہ ان کے علاقے میں ایسا واقعہ پہلی دفعہ سامنے آیا ہے جو کہ پولیس کیلئے بھی ایک ٹیسٹ کیس ہے۔ انہوں نے پولیس پر زور ڈالتے ہوئے کہا ہیں کہ جلد از جلد قاتلوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کریں اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک میں بچوں سے زیادتی اور اس طرح قتل کے واقعات میں ایک عرصے سے خطرناک حد تک اضافہ سامنے آیا ہے اور اس حوالے سے حکومت پر سخت قانون سازی کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ اس مد میں قومی اسمبلی میں قانون سازی کیلئے ایک قرار داد لائی گئی ہے جس کے تحت بچوں سے جنسی زیادتی کرنے والے کو سرعام پھانسی دی جائے گی۔ اسی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی کی ایک ذیلی کمیٹی نے بھی تجویز دی ہے کہ ایسے مجرموں کی پھانسی کی ویڈیو بنا کر اسے مشتہر کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 844881

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844881/ہنگو-میں-8-سالہ-ذہنی-معذور-بچی-جنسی-زیادتی-کے-بعد-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org