0
Sunday 16 Feb 2020 15:10

عورت کی آزادی کے دعویدار عورت تک پہنچنے کی آزادی چاہتے ہیں، علامہ جواد نقوی

عورت کی آزادی کے دعویدار عورت تک پہنچنے کی آزادی چاہتے ہیں، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ عروہ الوثقی لاہور میں حضرت بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت با سعادت کے سلسلہ میں سالانہ کانفرنس بعنوان "فاطمہ الزہراؑ اسوہ بیداری اور شعور" منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی نے کی جبکہ پرنسپل جامعہ اُم الکتاب خانم طیبہ نقوی، جماعت اسلامی کی شازیہ عبدالقادر، آئی ایس او پاکستان کی جانب سے عظمیٰ شیراز، کالم نگار رابعہ رحمان، تحریک منہاج القرآن کی ادیبہ چودھری، جمیعت علمائے پاکستان سمیت دیگر شیعہ سنی جماعتوں کی قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں سیرت فاطمہ زہرا کی روشنی میں آج کی عورت کیلئے رہنمائی اور موجودہ پُر آشوب دور میں مغربی ثقافتی یلغار کے تدارک کیلئے اظہار خیال کیا گیا۔

کانفرنس میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ علامہ سید جواد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں مغرب نے عورت کو گھر کی چار دیواری سے نکال کر بازار میں لا کھڑا کیا ہے اور اسے مارکیٹنگ کا سمبل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو جتنا احترام دیا ہے کسی دوسرے مذہب نے نہیں دیا، عورت ماں ہے تو جنت اس کے قدموں میں ڈال دی، بہن ہے تو بھائیوں کیلئے احترام کے قابل بنا دیا، بیٹی ہے تو سیدہ النساء العالمین کی طرح رحمت قرار دیا اور اگر بیوی کا روپ ہے تو اس کے نان و نفقطہ کی ذمہ دار شوہر پر ڈال کر عورت کو بچوں کی تربیت کا عظیم فریضہ سونپ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج عورت کے حقوق کے نام پر عورت کو گمراہ کیا جا رہا ہے، عورت کی آزادی کے دعویدار عورت کی آزادی نہیں بلکہ عورت تک پہنچنے کی آزادی چاہتے ہیں۔ علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام دین فطرت ہے، آج کی خواتین سیرت بی بی فاطمہ سلام اللہ علیہا پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگیاں مثالی اور اپنی آخرت کامیاب بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی تربیت ہی تھی کہ امام حسنؑ، امام حسینؑ اور جناب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے اسلام کی بقاء کیلئے لازوال کردار ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 844895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش