0
Sunday 16 Feb 2020 18:44

مہنگائی کیخلاف سنی تحریک سراپا احتجاج، مزدور کی تنخواہ وزیراعظم کے برابر کرنے کا مطالبہ

مہنگائی کیخلاف سنی تحریک سراپا احتجاج، مزدور کی تنخواہ وزیراعظم کے برابر کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے زیراہتمام مہنگائی کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومت نے مہنگائی کے سونامی کو نہ روکا تو گلی گلی حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کی حکومتی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان آٹا چینی مافیا کو گود میں بیٹھا کر کس مافیا کی تلاش میں مصروف عمل ہیں، حکومت وقت کا ہنی مون اور پکنگ کا وقت پورا ہو چکا ہے، احتساب کا ڈھونگ رچا کر انتقامی سیاسی کارروائیوں سے حکومت عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے۔ سردار طاہر ڈوگر نے کہا کہ وزیراعظم مہنگائی مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے عوام کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں، کرپشن مکاو، غربت کے خاتمہ، ترقی کے جھوٹے خواب دیکھا کر عوام کو سیاسی جھانسہ دیا گیا ہے، اپوزیشن حکومت کی بی ٹیم اور ایک سکے کا دوسرا رخ ہے۔

ضلعی صدر علامہ شریف الدین قذافی نے کہا کہ عمران خان محض تقریروں اور بیانات سے ملک میں تبدیلی نہیں لا سکتے، قوم کو بتایا جائے کہ بجلی، گیس، آٹا، چینی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے فائدہ کس کو پہنچایا جا رہا ہے۔؟ موجودہ حکمرانوں کو پالیسیاں ''کرونا وائرس''ہیں، نااہلوں اور نا لائقوں نے حکومت اور ملک پر قبضہ کر رکھا ہے۔ رہنماوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی حکمرانوں کو بہا کر لے جائیگا، سفید پوش طبقہ کیلئے زندہ رہنا محال ہو چکا ہے، حکومت تاجروں، صنعت کاروں، مزدوروں، غریبوں کو دیوار سے لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ کیلئے گزر بسر ناممکن ہوتا جا رہا ہے، بلاوجہ ٹیکسوں سے تاجر صنعتکار اور غیر ملکی سرمایہ کار خوفزدہ ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ معیشت دوست ماحول پیدا کرے، نوکریاں دینے کی بجائے نوجوان نسل کو بے روزگار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے روپ میں آمرانہ ٹولہ ملک و قوم پر مسلط ہے، نیا پاکستان بنانے والوں نے پرانے پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔

طاہر ڈوگر نے کہا کہ حکومت مزدور کی تنخواہ وزیراعظم کے برابر کرے یا وزیراعظم کی تنخواہ مزدور کے برابر کی جائے، تعلیمی نظام ملک بھر میں یکساں کیا جائے، بلاجواز لگائے جانے والے ٹیکسز ختم کئے جائیں، تاجروں، صنعتکاروں اور مزدوروں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم نا کیا گیا تو حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلایں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کش پالیساں تبدیل کرے اور خور و نوش کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ رہنماوں نے کہا کہ  ملک بھر میں یکساں تعلیمی نظام رائج کیا جائے، سرکاری تنخواہ دار طبقہ کی مراعات میں اضافہ کیا جائے، عمران خان الیکشن سے قبل کئے وعدوں کو فوری پورا کریں۔ ضلعی صدر علماء بورڈ عبداللہ ثاقب، اراکین رابطہ کمیٹی محمد عمر قریشی، افتخار خان، مولانا سیف اللہ نقشبندی، مولانا غلام محی الدین جلالی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 844909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش