QR CodeQR Code

عوامی مسائل اُٹھانے پر مجھ پہ غداری کا مقدمہ قائم کیا جارہا ہے، فضل الرحمان

16 Feb 2020 21:39

چارسدہ میں عالمی ختم نبوت (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس حکومت نے کوشش کی کہ ناموس رسالت (ص) کے آئین کو ختم کریں لیکن ہم چیلنج دیتے ہیں کہ اس قانون کو ذرا ختم تو کرکے دکھاؤ۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل اُٹھانے پر حکومت ہم پر غداری کا مقدمہ بنانا چاہتی ہے لیکن ہم کسی کے رعب میں آںے اور ڈرنے والے نہیں۔ چارسدہ میں عالمی ختم نبوت (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس حکومت نے کوشش کی کہ ناموس رسالت (ص) کے آئین کو ختم کریں لیکن ہم چیلنج دیتے ہیں کہ اس قانون کو ذرا ختم تو کرکے دکھاؤ، ہم بیرونی منظوریوں سے پاکستان میں آنے والے حکمران کو مسلط ہونے نہیں دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپنی کارکردگی سے یہ حکومت نااہل و ناکام ہوگئی، جب کہ قوم رو رہی ہے، جے یو آئی نے موجودہ حکومت کی نااہلی تمام دنیا کو دکھادی، پاکستان کی معیشت ڈوب رہی ہے، 70 برس میں سب سے زیادہ قرضے اسی حکومت نے لیے، یہ حکومت ہر تین ماہ میں ضمنی ٹیکس پیش کرتی ہے جس کے سبب غریب عوام راشن نہیں خرید سکتے، عام آدمی بھوک اور افلاس کا شکار ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ نوجوانوں سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا مگر 20 لاکھ نوجوان بے روزگار ہوگئے، لوگوں سے گھروں کا وعدہ کیا گیا مگر غریبوں سے گھر چھین لیے گئے۔ انہوں ںے  کہا کہ ہم نے حکومت کے رعب و دبدبے کو توڑا، ہم غریب آدمی کی آواز بنے تو حکومت ہم پر غداری کا مقدمہ بنانا چاہتی ہے لیکن ہم واضح کردیں کہ نہ ہم کسی کے رعب میں آںے والے ہیں اور نہ کسی سے ڈرتے ہیں۔ میڈیا پر بھی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں لیکن ہم میڈیا کے ساتھ ہیں، اس طرح کے مظاہرے تمام پاکستان میں کیے جائیں گے، میں اعلان کرتا ہوں کہ اس حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے، ہم تحفظ ناموس رسالت (ص) اور ملک میں مدارس کی بقا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دریں اثنا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ جمعیت کے ملین مارچ کے فوائد قوم  نے دیکھ لیے، حکومت مولانا فضل الرحمان کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنا چاہتی ہے، ہم حکومت کو چیلنج دینا چاہتے ہیں کہ فضل الرحمان کے خلاف آرٹیکل 6 لگا کر دکھائے، اگر حکومت نے اس طرح کا کوئی بھی عمل کیا تو اس کے برے نتائج بھگتے گی۔


خبر کا کوڈ: 844936

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844936/عوامی-مسائل-ا-ٹھانے-پر-مجھ-پہ-غداری-کا-مقدمہ-قائم-کیا-جارہا-ہے-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org