QR CodeQR Code

امریکی یہودی تنظیم کا وفد آج سعودی عرب پہنچے گا

17 Feb 2020 07:33

سعودی عرب نے اس دورے کی تفصیلات کو صیغہ راز میں رکھا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق پیر سے جمعرات تک جاری رہنے والے اس دورے میں امریکی یہودی سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی یہودی تنظیم کا وفد آ ج سے سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق امریکا میں یہودیوں کی سب سے بڑی تنظیم امریکن جیوش کانگرس کے ایک وفد نے سعودی عرب کے دورے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی یہودی تنظیم کے وفد کا یہ 27 سال کے بعد پہلی بار سعودی عرب کا دورہ ہے۔ اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 1993ء کے بعد امریکی یہودی تنظیم کے ارکان پہلی بار سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

یہودی وفد کا دورہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہےجب سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے مسلسل تردید کر رہا ہے اور ایسی رپورٹس کو بھی مسترد کر دیا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو سے ملاقات کرین گے۔

تاہم دوسری طرف سعودی عرب نے اس دورے کی تفصیلات کو صیغہ راز میں رکھا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق پیر سے جمعرات تک جاری رہنے والے اس دورے میں امریکی یہودی سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے تاہم ان عہدیداروں کی شناخت نہیں کی گئی۔

اس کے علاوہ یہ وفد سعودی عرب میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد العیسی سے بھی ملاقات کرے گا اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی یہودی تنظیم کے ارکان سعودی حکومت کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا باعث بننے والے اسباب و محرکات پر بھی بات چیت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 844973

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844973/امریکی-یہودی-تنظیم-کا-وفد-ا-ج-سعودی-عرب-پہنچے-گا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org