0
Monday 17 Feb 2020 11:40

پاکستان نے 40 سال افغان مہاجرین کیلئے دروازے کھلے رکھے، انتونیو گوتریس

پاکستان نے 40 سال افغان مہاجرین کیلئے دروازے کھلے رکھے، انتونیو گوتریس
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ جب بھی انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہمیشہ افغان بھائیوں کے ساتھ قابل ذکر تعاون دیکھا یہاں تک کہ اس وقت بھی جب عالمی حمایت بہت کم تھی۔

اسلام آباد میں ملک میں 40 برس سے مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم یکجہتی اور ہمدردی کی قابل ذکر کہانی کا اعتراف کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، ایسا کرنا اہم ہے کیونکہ یہ کہانی دہائیوں پر محیط ہے۔

انہوں نے کہا کہ 40 سال سے پاکستان نے افغان مہاجرین کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ 40 برس سے افغان عوام مسائل کا شکار ہیں، پاکستان میں افغان مہاجرین کی 40 سالہ میزبانی کی کہانی برادارنہ تعلقات اور قربانی کے جذبوں پر مبنی ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے آگے آنا چاہئے، پاکستان اور ایران دنیا بھر میں مہاجرین کے بڑے میزبان ملک ہیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغان مسئلے کے تمام حل افغانستان کی سرزمین میں ہی پنہاں ہیں، افغانستان اور اس کے عوام کو اب تنہا نہیں چھوڑنا ہوگا، عالمی برادری کو اب افغانستان کے مسئلے پر اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 845007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش