QR CodeQR Code

صوفیا کی تعلیمات سے انسان دوستی کا درس ملتا ہے، حامد رضا

17 Feb 2020 18:46

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا عرس کے اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ صوفی ازم کے ذریعے ہی بے سکون انسانیت کو سکون آشنا کیا جا سکتا ہے، پیر اطہرالقادری دینی راہوں کے مخلص مسافر اور سفیر عشق رسول تھے، طریقت اور شریعت لازم و ملزوم ہیں، ناچ گانے اور ڈھول ڈھمکے کا نام تصوف نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اولیاء و صوفیا کی تعلیمات سے انسان دوستی کا درس ملتا ہے، صوفی ازم کے ذریعے ہی بے سکون انسانیت کو سکون آشنا کیا جا سکتا ہے، پیر اطہرالقادری دینی راہوں کے مخلص مسافر اور سفیر عشق رسول تھے، طریقت اور شریعت لازم و ملزوم ہیں، ناچ گانے اور ڈھول ڈھمکے کا نام تصوف نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے شاہ پور کانجراں ملتان روڈ لاہور میں معروف روحانی شخصیت پیر اطہر القادری کے سالانہ عرس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع کی صدارت پیر معاذالمصطفے قادری نے کی جبکہ مقررین میں مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر پیر میاں عبدالخالق القادری، صاحبزادہ عدنان قادری، مفتی محمد انصر القادری، مفتی مظہر مختار درانی، صاحبزادہ رضائے مصطفے نقشبندی، ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری، مولانا محمد علی نقشبندی، محمد نواز کھرل، پیر ذوالفقار مصطفے ہاشمی، مولانا حافظ محمد اعظم نعیمی، علامہ عبداللہ ثاقب، مفتی فہیم قادری اور دوسرے علماءو مشائخ شامل تھے۔

مرکزی جماعت اہلسنت کے امیر پیر میاں عبدالخالق نے کہا کہ پیر محمد اطہر القادری نے نظام مصطفے کے نفاذ، مقام مصطفے کے تحفظ اور پیغام مصطفے کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں، صوفیا کے روحانی آستانے رشد و ہدایت کے سرچشمے ہیں، پیر اطہر القادری کی دینی، قومی اور روحانی خدمات تاریخ کا روشن باب ہے۔ مفتی مظہر مختار درانی نے کہا کہ روحانیت انسانیت کی ناگزیر ضرورت ہے، صوفیا کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے، پیر اطہر القادری زندگی بھر دین نبی کی بالادستی کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ صوفیا عظمت آدم کے علمبردار ہیں، پیر اطہر القادری کا کردار و عمل ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

مفتی محمد عنصر القادری نے کہا کہ امت مسلمہ صوفیا کا طرز عمل اختیار کر کے عظمت رفتہ بحال کر سکتی ہے، اولیاء کی تعلیمات کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ عرس کے اجتماع میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ملک میں عملا نظام مصطفے نافذ کرے، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کروائے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کروایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 845097

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845097/صوفیا-کی-تعلیمات-سے-انسان-دوستی-کا-درس-ملتا-ہے-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org