0
Monday 17 Feb 2020 19:50

کوئٹہ میں خودکش حملہ، 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے

کوئٹہ میں خودکش حملہ، 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ پریس کلب کے قریب شارع اقبال پر خودکش حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب شارع اقبال پر خودکش حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا، ترجمان سول اسپتال نے دھماکے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں میں مزید افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیئے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شارع اقبال پر ہونے والا دھماکا خودکش تھا جو ریلی میں ہوا، ریلی کے شرکاء کو سکیورٹی دی گئی تھی اور علاقہ بند کیا تھا، ایک کم عمر نوجوان پیدل آیا جسے پولیس نے روکا تاہم روکے جانے پر نوجوان نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے جان پر کھیل کر مبینہ خودکش حملہ کو روکنے کی کوشش کی، شہداء کی تعداد 8 ہے جن میں 2 پولیس اور ایک لیویز اہلکار بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد سخت ترین سزا کے مستحق ہیں جبکہ شہر کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے دھماکے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
خبر کا کوڈ : 845121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش