QR CodeQR Code

آئی ایس او گلگت ڈویژن کے زیر اہتمام پری بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان

17 Feb 2020 22:02

امتحانات میں کلاس 9th میں پہلی پوزیشن عاصم علی خان، دوسری پوزیشن محمد حسین اور تیسری پوزیشن ابیھا حسین نے حاصل کی، جبکہ کلاس 10th میں پہلی پوزیشن سید علی حسن، دوسری پوزیشن عروج ناصر اور تیسری پوزیشن روحی بتول نے حاصل کی۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کے زیراہتمام پری بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ امتحانات میں کلاس 9th میں پہلی پوزیشن عاصم علی خان، دوسری پوزیشن محمد حسین اور تیسری پوزیشن ابیھا حسین نے حاصل کی، جبکہ کلاس 10th میں پہلی پوزیشن سید علی حسن، دوسری پوزیشن عروج ناصر اور تیسری پوزیشن روحی بتول نے حاصل کی۔ آئی ایس او پاکستان گلگت ڈویژن اور بوڈی آف لیٹریسی ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی امتحان سے پہلے امتحان کا انعقاد کیا گیا، جس میں 750 سے زائد طالبعلموں نے شرکت کی۔ ان امتحانات کا مقصد طلباء کو بورڈ امتحان کے طرز عمل سے آگاہی دینا ہے۔

تقریب نتائج کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سجاد حیدر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی گلگت بلتستان نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان تعلیم و تربیت کے میدان میں نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ تمام تر تعصبات سے بالاتر ہو کر تعلیم کے میدان میں آئی ایس او کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ جی بی کے طلبہ میں بےانتہا ٹیلنٹ ہے، اگر ان کی اسی انداز میں رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی گئی تو پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ حکومتی سطح پر ایسے پروگرامز کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوگی۔ اس دور میں وہی قومیں ترقی کر سکتی ہیں جو تعلیم کے میدان میں آگے ہوں، لہٰذا تمام طلبہ و طالبات کو چاہیئے کہ وہ علم کے میدان میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ پروگرام سے پروفیسر اصغر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے زمانے میں والدین کے لیے چاہیئے کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت پر خصوصی توجہ دے۔ تمام والدین بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے لئے آئی ایس او جیسی تنظیم سے استفادہ حاصل کریں۔

پروگرام سے آئی ایس او گلگت ڈویژن کے صدر برادر منتظر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے زمانے میں دنیا میں اپنا مقام بنانے اور ملک عزیز پاکستان کی ترقی و استحکام کے لئے نوجوانون ہی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، یہ اس وقت ممکن ہوگا جب ہمارے جوان علم کے نور سے اپنے آپ کو منور کرینگے۔ آج ہم اس دور میں ہیں جہاں تعلیم کے ذریعے سے ملک و دین کی خدمت کر سکتے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں ایجوکیشن سیکرٹری آئی ایس او پاکستان گلگت ڈویژن جاوید اقبال نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ہمیشہ سے پاکستان کی سر زمین پر نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کو اپنا اولین ہدف سمجھا ہے اور اسی ہدف کی تکمیل کے لئے آج بھی کوشاں ہے۔ ہمارا ہدف ہے کہ علم کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچایا جائے۔ ہر گزرتے سال کے ساتھ پری بورڈ کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں ہر سال طلبہ و طالبات کی تعداد میں اصافہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت ہمارے شفافیت کی منہ بولتا ثبوت ہے۔ آخر میں سیکرٹری ایجوکیشن نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور پری بورڈ کے نتائج کا اعلان کیا۔


خبر کا کوڈ: 845138

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845138/ا-ئی-ایس-او-گلگت-ڈویژن-کے-زیر-اہتمام-پری-بورڈ-امتحانات-نتائج-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org