QR CodeQR Code

 کسی بھی جارحیت کا پاکستان بھرپور جواب دے گا

حکومت ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، سید فخر امام

17 Feb 2020 23:24

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبے کو غلط طور پر پرکھ رہا ہے، اس وقت کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں آٹھ لاکھ پچاس ہزار قابض افواج موجود ہیں، تاہم کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے، تمام تر ظلم و تشدد کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کا جذبہ ماند نہیں پڑا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، ماضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں کا خمیازہ پاکستان کو سنگین بحرانوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے، بدقسمتی سے پاکستان کی برآمدات اس خطے میں بنگلہ دیش اور ویتنام سے بھی کم ہیں، حکومت ملکی برآمدات بڑھانے کے سلسلے میں ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان پر جارحیت کا منہ توڑ جواب پیغام تھا کہ کسی بھی جارحیت کا پاکستان بھرپور جواب دے گا، بھارت کی جانب سے پانچ اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبے کو غلط طور پر پرکھ رہا ہے، اس وقت کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں آٹھ لاکھ پچاس ہزار قابض افواج موجود ہیں تاہم کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے، تمام تر ظلم و تشدد کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کا جذبہ ماند نہیں پڑا۔

سید فخرامام نے مزید کہا کہ ہم بنیادی حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کرنے پر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ کئی دہائیوں سے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، دنیا کی تاریخ میں ایسی قربانیوں کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہم یہ پیغام دیتے ہیں کہ جذبے اور ہتھیار کی جنگ میں جیت ہمیشہ جذبے کی ہوئی ہے، پاکستان کا یہ مطالبہ ہے کہ تنازعہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، یہ ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے، اس پر دنیا کی خاموشی حیران کن ہے، ہمیں مذمت سے آگے بڑھ کر ہندوتوا اور نازی سوچ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ سید فخرامام نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو پیش کرنے کے حوالے سے کشمیری عوام کے وکیل ہونے کا حق اداکیا ہے، آج دنیا کشمیر کے معاملے کو ماضی کے مقابلے زیادہ اہمیت کے ساتھ تسلم کر رہی ہے، اقوام متحدہ کشمیر میں رائے شماری کرائے اور کشمیریوں کو اس کا بنیادی حق دے۔
 


خبر کا کوڈ: 845171

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845171/حکومت-ملکی-برآمدات-بڑھانے-کیلئے-اقدامات-کر-رہی-ہے-سید-فخر-امام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org