0
Tuesday 18 Feb 2020 06:43

پاکستان، بھارت اور کشمیر کو ہی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا ہو گا، شمشاد احمد

پاکستان، بھارت اور کشمیر کو ہی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا ہو گا، شمشاد احمد
اسلام ٹائمز۔ سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر میں کوئی بھی پاکستان کا ساتھ نہیں دے گا، اس مسئلے کو پاکستان اور بھارت نے ہی کشمیریوں کی حمایت سے مل کر حل کرنا ہے۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بات کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورے کو صرف کشمیر کے معاملے پر دیکھنا ہی کافی نہیں ہو گا، اس کے باوجود کے کشمیر ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے تاہم ان کے دورے کو دوسرے پہلوؤں سے بھی دیکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ویٹو پاور نے عمل کروانا ہوتا ہے، جبکہ سیکرٹری جنرل صرف دو ممالک کے درمیان ثالثی کرا سکتا ہے، جبکہ بھارت کشمیر کے معاملے پر کسی کی ثالثی کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔ سابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کسی نے حل نہیں کروانا یہ پاکستان، بھارت اور کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہو گا۔

انکا کہنا تھا کہ بڑی طاقتیں اس میں کردار ادا کر سکتی ہیں لیکن پاکستان کو بھارت کے ساتھ فوری مذاکرات کی طرف جانا چاہیے تاہم بھارت اس وقت مذاکرات کی طرف آتا دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کسی کی ثالثی کے ذریعے حل نہیں ہو گا، دنیا میں ضمیر نام کی کوئی چیز نہیں ہے، نہ مسلم دنیا اور نہ عالمی ضمیر کشمیر کے معاملے پر کچھ کرے گا تاہم کشمیری اس حوالے سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں، کشمیریوں کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی تعریف کر کے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ موجودہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ شمشاد احمد نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر کے معاملے پر ہیومن رائٹس کونسل میں جانا چاہیے اور وہاں سے کشمیر کے لیے قرارداد پاس کرانے کی ضرورت ہے، اسلام آباد میں کسی کو خوش فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے اور کوششوں کو مزید تیز کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 845187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش