0
Tuesday 18 Feb 2020 09:01

ڈی آئی خان، پولیو مہم کی سکیورٹی کیلئے جانیوالی پولیس موبائل پر بم دھماکہ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی

ڈی آئی خان، پولیو مہم کی سکیورٹی کیلئے جانیوالی پولیس موبائل پر بم دھماکہ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین کے قریب امپرووائسڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) واحد محمود نے بتایا کہ کلاچی کے علاقے میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا صبح تقریباً 7 بجکر 50 منٹ کے قریب ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے جس پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا وہ پولیو کی ٹیم کی سکیورٹی پر مامور تھی۔ ڈی پی او کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید، جبکہ 2 زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واحد محمود کے مطابق واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ یہاں یہ مدنظر رہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیو ورکرز پر حملے عام ہیں اور یہ ملک سے پولیو کے خاتمے میں بڑی رکاوٹوں میں سے ایک ہے۔

رواں سال کے پہلے ماہ میں خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں بھی پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 2 پولیو ورکرز کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ گذشتہ برس خیبر پختونخوا میں پولیو ورکرز پر حملوں کے باعث سکیورٹی کو بھی ریڈ الرٹ کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب یہ بات بھی یاد رہے کہ اس وقت ملک بھر میں رواں سال کی پہلی 5 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے، جس کا مقصد 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کو پولیو کی ویکسین پلانا ہے، اس سلسلے میں 2 لاکھ 65 ہزار پولیو ورکرز گھر، گھر جا کر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسینیٹ کریں گے۔ کچھ روز قبل قومی ادارہ صحت نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے پولیو کے مزید 5 کیسز کی تصدیق کی تھی جس کے بعد رواں سال کے کیسز کی تعداد 17 ہوگئی، جبکہ گذشتہ برس یہ تعداد 144 تھی، اس کے مقابلے میں 2018ء میں یہ 12 اور 2017ء میں 8 تھی۔
خبر کا کوڈ : 845196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش