QR CodeQR Code

بھارتی حکومت کو دفعہ 370 کی منسوخی کے اقدام کو واپس لینا چاہیئے، خالد نجیب

18 Feb 2020 09:19

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نے بھارتی حکومت کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خالد نجیب نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی پوزیشن فوری طور پر بحال کرکے کشمیری عوام کا اعتماد اور بھروسہ جیتنا چاہیئے۔ خالد نجیب نے کہا کہ بھارتی حکومت کو مزید وقت ضائع کئے بغیر دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے اقدام کو واپس لینا چاہیئے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بغیر جمہوری اور غیر آئینی فیصلے کے چھ ماہ بعد بھی کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پُرامن احتجاجی ہڑتال کے ذریعے مسلسل چھ ماہ سے اپنی ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں جو بھارتی حکومت کے لئے چشم کشا ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 سے متعلق بھارتی حکومت کے گمراہ کن پروپیگنڈا سے زمینی حقائق کو بدلا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام خصوصی پوزیشن کی غیر آئینی اور غیر جمہوری تنسیخ کے فیصلے کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنے غیر آئینی و غیر جمہوری فیصلے کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا کر رکھ دیا ہے اور کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ خالد نجیب نے کہا کہ زور و زبردستی کشمیری عوام پر ایسے فیصلے ٹھونسے نہیں جاسکتے ہیں۔ ڈوڈہ جموں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خالد نجیب سہروردی نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاست جموں و کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے فیصلے کی ہم پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے بھارتی حکومت کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیر کو پھر سے خصوصی درجہ واپس نہ دیا جائے تب تک ریاست کے لوگ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔  


خبر کا کوڈ: 845203

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845203/بھارتی-حکومت-کو-دفعہ-370-کی-منسوخی-کے-اقدام-واپس-لینا-چاہیئے-خالد-نجیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org