0
Tuesday 18 Feb 2020 11:53

دہشتگردوں کی نئی فہرست جاری، پولیس کو گرفتاری کا ٹاسک مل گیا

دہشتگردوں کی نئی فہرست جاری، پولیس کو گرفتاری کا ٹاسک مل گیا
اسلام ٹائمز۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے انتہا پسند تنظیموں اور شدت پسندوں کی ایک نئی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 9 کالعدم تنظیموں کے متعدد افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی رائے طاہر نے اس بارے میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے فورس تشکیل دی گئی ہے۔ زیادہ تر دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو گرفتار نہیں ہوسکے، وہ افغانستان سمیت دیگر ممالک فرار ہوچکے ہیں۔ فہرست کے مطابق اے کیٹگری میں اہم مطلوب دہشت گرد کمانڈروں کو رکھا گیا ہے، جن کی تعداد 75 ہے۔ کیٹگری بی میں ان انفرادی 45 دہشت گردوں کو رکھا گیا ہے، جن کا ماضی میں کسی کالعدم تنظیم سے تعلق رہا ہو، جبکہ کیٹگری سی میں 83 جرائم پیشہ افراد شامل ہیں، جن کا تعلق کسی کالعدم سے نہیں رہا، لیکن انہیں لسٹ کے مطابق مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں 249 وہ افراد بھی شامل ہیں، جنہیں ابھی تک کسی کیٹگری کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے، لیکن ان پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

سی ٹی ڈی پولیس نے حساس اداروں کی ہدایت پر گرفتاری کیلئے جاری کردہ دہشتگردوں سمیت انتہائی مطلوب 155 افراد میں سے 105 کو گرفتار کر لیا ہے۔ بیشتر افراد کے سر کی قیمت 10 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ایک دہشت گرد کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے، 5 دہشت گردوں کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے فی کس، ایک دہشت گرد کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے، ایک کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے، 10 دہشتگردوں کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے فی کس، 8 دہشتگردوں کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے فی کس، 31 دہشتگردوں کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے فی کس جبکہ دیگر دہشتگردوں کے سر کی قیمت 3 لاکھ، 2 لاکھ اور ایک لاکھ روپے فی کس مقرر کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ تمام فہرستیں صوبے کے تمام تھانوں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے فورتھ شیڈول کے تحت لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ فہرست میں افغانستان سے دہشتگردی میں ملوث چار تنظیمیں بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 845231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش