0
Tuesday 18 Feb 2020 17:00

کیماڑی واقعہ، زہریلی گیس سویابین کی آف لوڈنگ سے پھیلی، کراچی پولیس کا دعوٰی

کیماڑی واقعہ، زہریلی گیس سویابین کی آف لوڈنگ سے پھیلی، کراچی پولیس کا دعوٰی
اسلام ٹائمز۔ کراچی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ کیماڑی میں اب تک 14 شہریوں کی موت کا سبب بننے والی ہوا میں آلودگی کراچی بندرگاہ پر بحری جہاز سے سویابین کی آف لوڈنگ سے پیدا ہورہی تھی اور یہ آف لوڈنگ اب رکوا دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جہاز سے سویابین اتارنے کے دوران غیرمعمولی ڈسٹ ہوا کے ذریعے قریبی آبادی کو متاثر کررہا تھا، یہ کام دن میں بھی جاری رہتا تھا لیکن ہوا تیز نہ ہونے کی وجہ سے یہ ڈسٹ آبادی کو متاثر نہیں کر رہا تھا، شام کو ہوا چلنے اور رخ آبادی کی طرف ہونے کی وجہ سے لوگ متاثر ہو رہے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق سویابین کی آف لوڈنگ روکنے سے آج شام علاقے کی مانیٹرنگ ہوگی، آج شام ہوا میں آلودگی رک گئی تو ذمہ داری سویابین کے بحری جہاز پر عائد ہو سکتی ہے۔ سویابین کی آف لوڈنگ رکنے سے علاقے میں آلودگی نہ رکی تو متبادل وجوہات جاننے کا کام شروع ہوگا۔ کراچی پولیس کے ایک اعلٰی پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بحری جہاز سے سویابین کے بھی نمونے لئے گئے ہیں جس کی رپورٹ آج ملنے کا امکان ہے، اس رپورٹ کا علاقے سے لئے گئے سیمپل اور متاثرین کے خون کے نمونوں کے سیمپل سے موازنہ کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق اب تک 9 جاں بحق اور 180 متاثر میں 90 فیصد افراد کیماڑی کے ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ریلوے کالونی، مسان روڈ، ڈاکس کالونی، تارا چند روڈ، جیکسن مارکیٹ زیادہ متاثر ہوئے جبکہ نگینہ پولیس لائن، کچی پاڑہ، کسٹمز کوارٹرز کی آبادیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی کمشنر کے توسط سے کے پی ٹی کا تمام آپریشن روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل کیماڑی میں پھیلنے والی پراسرار زہریلی گیس کے اخراج سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوچکی ہے جبکہ مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 234 ہو چکی ہے، تاحال واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 845306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش