0
Tuesday 18 Feb 2020 18:41

ملک شوکت علی علوی شیعہ علماء کونسل لاہور کے دوبارہ صدر منتخب

ملک شوکت علی علوی شیعہ علماء کونسل لاہور کے دوبارہ صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل ضلع لاہور کے انتخابات مکمل ہو گئے، ملک شوکت علی اعوان صدر اور جعفر علی شاہ جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے، دیگر عہدیداروں میں سینئر نائب صدر مولانا یعقوب رضا حیدری جبکہ غلام شبیر فاروقی، ڈاکٹر ذوالقرنین، شاہد حسین جعفری، فدا حسین اور مولانا شبیر ترابی کو نائب صدور اور رضا حسین بھٹی کو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ صوبائی صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے انتخابی عمل کی نگرانی کی اور تمام عہدیداروں سے حلف لیا۔ علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، شبیر نقوی، آصف علی زیدی اور ڈویژنل صدر سید قاسم علی قاسمی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین حیدر سبزواری نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ متحدہ مجلس عمل کا اتحاد موجود ہے، آزادی مارچ اور اب حکومت کیخلاف جلسوں کا اعلان مولانا فضل الرحمن کی اپنی جماعت کا ہے، اس کا ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے تعلق نہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس اور ترکی کے صدر طیب اردوان کے دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروا کر کشمیر کا مسئلہ حل کروائے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب اردوان کا کشمیر کے حوالے سے موقف جراتمندانہ ہے، ان کی طرف سے پاکستانی موقف کی حمایت قابل تحسین ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ باقی اسلامی ممالک بھی کشمیر پر ایران اور ملائیشیا کی طرح پاکستان کا ساتھ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی غلامی کی وجہ سے اقوام متحدہ کی حیثیت ختم ہوتی جا رہی ہے، مظلوم اقوام کے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو اقوام متحدہ کا حشر بھی لیگ آف نیشنز جیسا ہوگا۔

شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے کہا کہ بھوک اور افلاس زوروں پر پہنچ چکی ہے، لوگ آٹا چینی سبزیوں کے بحران سے گزرے ہیں، بجلی گیس پٹرول کی قیمتوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، حکومت عوام کا امتحان نہ لے ورنہ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ علامہ سبطین حیدر سبزواری نے کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے، نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جاتا تو یہ دہشتگردی کے واقعات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہشتگردوں کو اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کرنا ہوگی۔ 
خبر کا کوڈ : 845316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش