1
Wednesday 19 Feb 2020 01:50
شہید جنرل قاسم سلیمانی انتہائی عالیقدر، مفید اور قابل تعریف شخص تھے

امریکہ انتشار کیطرف بڑھ رہا ہے، اُسکا ظاہری جاہ و حشم اُسے غرق ہونے سے بچا نہیں پائیگا، آیت اللہ خامنہ ای

جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ کے مسئلے میں امریکی اب پشیمان ہو چکے ہیں
امریکہ انتشار کیطرف بڑھ رہا ہے، اُسکا ظاہری جاہ و حشم اُسے غرق ہونے سے بچا نہیں پائیگا، آیت اللہ خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایرانی صوبے شمالی آذربائیجان سے آئے ہزاروں عوامی باشندوں سے اپنے خطاب میں تبریز کے عوامی انقلاب کی 42ویں سالگرہ کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قم کے شہید انقلابیوں کے چہلم پر تبریز کے عوام کیطرف سے موقع پر میدان میں حاضر ہو جانا الہی برکتوں کے نزول کا سبب بنا اور یہ حاضری پورے ایران میں عوامی انقلابی جدوجہد کے آغاز، ایران پر مسلط پہلوی شہنشاہیت کے زوال اور ایران میں اسلامی حکومت کے قیام تک سلسلہ وار انداز میں جاری رہی۔



رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے دوران امریکی معاشرے کی گہری اور وسیع اجتماعی و اقتصادی مشکلات کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اندرونی طور پر انتشار کیطرف بڑھ رہا ہے جبکہ اسکا ظاہری جاہ و حشم اُسے غرق ہونے سے بچا نہیں پائے گا۔ انہوں نے ایرانی رائے عامہ پر اثر اندازی اور ایرانی عوام خاص طور پر جوانوں کو اسلامی نظامِ حکومت سے دور کرنے کی امریکی سازشوں کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی یہ تمامتر کوششیں بےنتیجہ ثابت ہوئی ہیں جس کی بڑی مثال شہید جنرل قاسم سلیمانی اور انکے رفقاء کے تشیع جنازے اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ پر انتہائی کثیر تعداد میں ایرانی عوام کا سڑکوں پر آ جانا ہے۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایرانی قوم کی ہوشیاری اور اسلامی اصولوں کی پابندی کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ سے اسلامی انقلاب کے چاہنے والوں کو یہ کہتا ہوں کہ آپ پریشان نہ ہوں کیونکہ ایرانی عوام دشمن کی چالوں کو سمجھتی ہے اور جانتی ہے کہ انکا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی مایوسی کا واحد راستہ اسلامی جمہوریہ ایران کا طاقتور ہونا ہے۔ رہبر انقلاب نے کہا کہ ایرانی عوام کے اندر قومی خود اعتمادی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے جبکہ بین الاقوامی مفکر اور عالمی سیاسی شخصیات بھی ایرانی قوم کو عقلمند، عظیم، طاقتور اور نڈر قرار دیتے ہیں۔



رہبر انقلاب اسلامی نے امریکی حکام کیطرف سے ایرانی انتخابات کے بارے میں ہرزہ سرائی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان ایک نمبر کے بےوقوفوں کے بیانات کا ایک مقصد ایرانی انتخابات کو اثرانداز کرنا اور ایرانی عوام کو ووٹ ڈالنے سے مایوس کرنا ہے جبکہ ان بیانات کی دوسری وجہ ایرانی عوام کیطرف سے اسلامی نظام حکومت کیساتھ بھرپور وفاداری پر بےساختہ ردّعمل ہے۔ انہوں نے جنرل قاسم سلیمانی اور انکے رفقاء کی شہادت پر مبنی امریکی دہشتگردانہ اقدام پر امریکی پشیمانی کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے میں امریکی صدر اور اسکے اردگرد کے لوگ پشیمان ہو چکے ہیں اور انہیں اب پتہ چلا ہے کہ انکا یہ کام حساب و کتاب سے کتنا عاری تھا کیونکہ امریکہ کے اندر اور پوری دنیا میں اُنہیں اپنے اس اقدام پر جواہدہ ہونا پڑا ہے۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ ہمارے عزیز کمانڈر کو شہید کر کے خطے میں گہرے اثرات مرتب کرنا اور اسکی بنیاد پر خطے میں اپنا تسلط مزید وسیع کرنا چاہتا تھا لیکن اس اقدام کا نتیجہ برعکس نکلا ہے اور انکی یہ ہرزہ سرائیاں امریکیوں کی مرضی کے برعکس ایران و عراق سمیت پوری دنیا میں امریکہ مخالف احتجاجات، شام کے مسائل اور حلب سمیت پورے خطے میں آنیوالی تبدیلیوں کو چھپانے کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی انتہائی عالیقدر، مفید اور قابل تعریف شخص تھے جبکہ انکی شہادت کا یہ حادثہ اللہ تعالی کا خاص لطف و کرم تھا کیونکہ وہ بزرگوار اسکے ذریعے "فتح" اور "شہادت" جیسی دو عظیم کامیابیوں پر فائز ہوئے ہیں کیونکہ اس خطے میں سالہا سال سے میدان کا فاتح جنرل سلیمانی اور شکست خوردہ امریکہ اور اسکے حواری تھے۔



ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام کی 40 سالہ جدوجہد کے دوران دشمن نے ایرانی عوام کے ہاتھوں ہمیشہ طمانچہ کھایا ہے کہا کہ امریکیوں نے ان 40 سالوں کے دوران اسلامی نظام حکومت کو گرانے کیلئے سیاسی، فوجی، امنیتی، اقتصادی، ثقافتی اور میڈیا وار سمیت ہر قسم کا حربہ آزما لیا ہے لیکن نہ صرف یہ کہ اسلامی نظام حکومت نہیں گرا بلکہ پہلے سے ہزارہا گنا طاقتور ہو گیا ہے جبکہ اسکے مقابلے میں امریکہ پہلے سے کہیں زیادہ کمزور۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ 22,000 بلین ڈالرز کے قرض کیساتھ دنیا کا مقروض ترین ملک ہے جسکے اندر طبقاتی اختلافات دوسرے تمام ملکوں سے زیادہ اور وحشتناک حد پر پہنچ چکے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کی زبوں حالی کیطرف اشارہ کرتے ہوئے امریکی سینیٹر جان کیری کے پیش کردہ اعداد و شمار کیطرف اشارہ کیا اور کہا کہ یہ معروف امریکی سینیٹر خود کہتا ہے کہ ٹرمپ کی حکومت کے دوران امریکہ کے 5 دولتمند ترین افراد کی دولت میں 100 بلین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے جن میں سے 3 افراد کے پاس امریکہ کی آدھی عوام جتنی دولت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے نوکری پیشہ افراد میں سے 80 فیصد ایسے غریب لوگ ہیں جنکی تنخواہ سے انکا ماہانہ خرچ پورا نہیں ہوتا جبکہ ہر 5 امریکیوں میں سے صرف 1 شخص ایسا ہے جو ڈاکٹر کیطرف سے تجویز کردہ دواء خریدنے کی قوت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے اپنے بیان کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 50 سالوں کی نسبت سفید فام اور سیاہ فام امریکی شہریوں کے درمیان موجود دولت کا فرق 3 برابر بڑھ چکا ہے۔



آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے امریکی اندرونی خلفشار اور وہاں موجود تبعیض، طبقاتی اختلاف، غربت و جرائم کے ہلا کر رکھ دینے والے اعداد و شمار کیطرف اشارہ کیا اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ معروف برطانوی بحری جہاز ٹائیٹینک کا ظاہری جاہ و حشم اُسے غرق ہونے سے بچا نہیں پایا تھا، امریکی ظاہری جاہ و حشم میں اضافے کی تمامتر کوششیں بھی امریکہ کو غرق ہونے سے بچا نہیں پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج طغیان و استکبار کا مرکز امریکہ ہے جو دولتمندوں اور صیہونی کمپنیوں کے مالکان کے ہاتھوں چل رہا ہے جبکہ دنیا میں اس کیلئے سب سے زیادہ نفرت پائی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 845391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش