0
Wednesday 19 Feb 2020 10:41

مہنگائی روکنے کے لیے وفاقی حکومت کا نئی حکمت عملی ترتیب دینے کا فیصلہ

مہنگائی روکنے کے لیے وفاقی حکومت کا نئی حکمت عملی ترتیب دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان کو روکنے کےلیے وفاقی حکومت نے نئی حکمت عملی ترتیب دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا 6 ماہ سے نہ ہونے والا اجلاس اسی ہفتے بلانے کا حکم دیا ہے، نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا آخری اجلاس ستمبر 2019ء میں بلایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی وفاق کی سطح پر بنایا جانے والا فورم ہے جو ملک بھر میں بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں کو سرکاری نرخ نامے کے مطابق برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہے۔ وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ اور متعلقہ وزراء و سیکرٹریز اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور صوبوں کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیوں کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کھانے پینے کی اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے وزارت داخلہ، صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے وفاقی و صوبائی اداروں اور فیڈر بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مشترکہ لائحہ عمل بنا کر فوری ایکشن کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کی اسمگلنگ سے قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور عام آدمی تکالیف کا شکار ہوتا ہے، جو کسی صورت قبول نہیں جب کہ اس سے ملکی معیشت کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 845414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش