0
Wednesday 19 Feb 2020 11:35

لاہور ہائیکورٹ، ڈرامہ سیریل عہدِ وفا پر پابندی کی درخواست مسترد

لاہور ہائیکورٹ، ڈرامہ سیریل عہدِ وفا پر پابندی کی درخواست مسترد
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے ڈرامہ عہدِ وفا پر پابندی کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ جسٹس شاہد وحید نے محمد ذیشان کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس شاہد وحید نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کیا کرتے ہیں؟۔ درخواست گزار بولا، جی میں قانون کا طالبعلم  ہوں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں کے رہنے والے ہیں۔ درخواست گزار نے جواب دیا میں مالاکنڈ کا رہائشی ہوں، لاہور میں قانون کی تعلیم حاصل کر رہا ہوں۔ جسٹس  شاہد وحید نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کو پڑھتے پڑھتے کیا سوجھی۔؟ درخواست گزار نے کہا ڈرامہ دیکھ کر دکھ ہوا، اس لئے درخواست دائر کی۔ جسٹس شاہد وحید نے کہا آپ نے ڈرامہ کو بند کرنے کی استدعا کی ہے، کیا آپ نے عدالت آنے سے پہلے پیمرا کو درخواست دی۔ درخواست گزار نے کہا پیمرا کو درخواست نہیں دی، وہاں سے شنوائی کی کوئی توقع نہیں۔

جسٹس شاہد وحید نے کہا پہلے آپ پیمرا کو درخواست دیں۔ شنوائی نہ ہو تو پھر عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ ڈرامے میں سیاست دان، میڈیا، بیوروکریسی اور فوج کے کردار دکھائے گئے ہیں۔ ریاست کے چار ستون ظاہر کئے گئے لیکن عدلیہ کی جگہ فوج کا کردار دکھایا گیا ہے۔ ڈرامہ عہدِ وفا میں سیاست دانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جا رہی ہے، عہدِوفا ڈرامہ میں سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی سے بیرونی دنیا میں پاکستان بارے منفی تاثر جا رہا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت ڈرامہ عہدِ وفا پر پابندی عائد کرنے کا حکم  دے۔ عدالت نے درخواست نا قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیئے درخواست گزار پہلے پیمرا سے رجوع کرے، شنوائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 845420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش