0
Wednesday 19 Feb 2020 12:35
سویابین ڈسٹ کا سبب بننے والا بحری جہاز

ہرکولیس کراچی بندرگاہ سے روانہ

ہرکولیس کراچی بندرگاہ سے روانہ
اسلام ٹائمز۔ کراچی بندرگاہ پر سویابین ان لوڈ کرنے کیلئے لنگرانداز امریکی جہاز ہرکولیس کو برتھ سے ہٹا کر روانہ کر دیا گیا ہے۔ جہاز کی منزل پورٹ قاسم بتائی گئی ہے، مختلف اداروں کی رپورٹس کے مطابق سویابین ڈسٹ سے متاثر 14 شہری جاں بحق جبکہ 500 سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ 

گزشتہ روز سویابین کی ان لوڈنگ روکنے سے غیرمعمولی جانی نقصان کا سبب بننے والی آلودگی اب بہت حد تک کم ہو چکی ہے۔ پورٹ ذرائع کے مطابق امریکا سے سویابین لے کر آنے والا بحری جہاز ہرکولیس ہفتہ 15 فروری کو علی الصبح تین بج کر 45 منٹ پر کراچی بندرگاہ کی برتھ نمبر 10 اور 11 پر لنگر انداز ہوا تھا۔ 

ماہرین کے مطابق جہاز سے سویابین کی ان لوڈنگ کے دوران اٹھنے والی ڈسٹ سے ہوا میں زہریلی آلودگی پیدا ہوئی اور اتوار 16 فروری کی شام 6 بجے کراچی بندرگاہ سے قریب ترین علاقے ریلوے کالونی کے شہری متاثر ہونا شروع ہوئے۔ اس کے بعد جوں جوں یہ آلودگی علاقے میں پھیلتی گئی لوگوں کی بڑی تعداد قریبی اسپتالوں میں پہنچنا شروع ہو گئی۔ 

پہلی رات تین خواتین سمیت پانچ افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ 120 سے زائد متاثر ہوکر اسپتال پہنچے۔ علاقہ مکینوں اور بعض اداروں کی جانب سے پہلے دن ہی سویابین دست کا انکشاف کردیا گیا تھا مگر کراچی پورٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ اس امر کی تردید کرتی رہی۔

یہاں تک کے اگلے روز کے پی ٹی کے چیئرمین نے ایک پریس کانفرنس میں بھاری جانی نقصان کا سبب بننے والے اس واقعہ سے قطعی لاتعلقی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی چیئرمین کے پی ٹی اور دیگر متعلقین کا دعویٰ تھا کہ اس آلودگی کا سبب کراچی پورٹ ٹرسٹ یا وہاں موجود کوئی بحری جہاز نہیں۔

اس کے اگلے روز پیر کی شام عین اسی وقت کیماڑی کے علاقے ریلوے کالونی، مسان روڈ، ڈاکس کالونی، تارا چند روڈ، جیکسن مارکیٹ، نگینہ پولیس لائن، کچی پاڑہ، کسٹمز کوارٹرز، ٹاور، کھارادر اور دیگر آبادیوں اس ڈسٹ کی وجہ سے پھر کہرام مچا اور اموات بڑھ کر 14 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین سینکڑوں تک چلے گئے۔

اسی رات کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رپورٹ پیش کر کے تمام ہلاکتوں کا سبب سویابین ڈسٹ کو قرار دیا تھا جس کے بعد منگل کو صبح جہاز سے سویابین کی ان لوڈنگ روک دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ کیلئے سویابین کو کراچی بندرگاہ پر آف لوڈنگ سے بھی منع کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کمشنر کراچی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو معاملات کی مزید چھان بین کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 845450
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش