QR CodeQR Code

وزارت صحت نے نااہلی کیساتھ کرونا وائرس سے لڑنا ہے

حکومت پاکستان ایسے کام کرے گی تو لوگ پتھر ماریں گے، ہائیکورٹ

وزارت صحت اتنی نااہل کہ پتہ نہیں لگا سکی کراچی میں گیس سے لوگ کیسے مرے

19 Feb 2020 14:59

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ حکومت پاکستان اس طرح کام کرے گی تو لوگ پتھر ماریں گے ان کو گالیاں دیں گے، اگر حکومت سمجھتی ہے کہ اس ادارے کو نہیں ہونا چاہیئے تو پارلیمنٹ میں معاملہ پیش کرے، وزارت میں بیٹھے سیکرٹری سمجھ لیتے ہیں عمارت کو تالا لگا دینے سے معاملہ حل ہو جائے گا، کل وزارت صحت کو ایسے تالا لگا کر باہر کھڑا کر دیں تو دنیا میں کیا تاثر جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزارت صحت کی کارکردگی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ وزارت صحت اتنی نااہل ہے کہ یہ بھی پتہ نہیں لگا سکی کہ کراچی میں لوگ گیس سے کیسے مرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی عمارت سیل کرنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی تو اسلام آباد انتظامیہ نے جواب جمع کرایا کہ عمارت ہم نے نہیں، وزارت صحت نے سیل کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے وزارت صحت اور وفاقی حکومت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اس طرح کام کرے گی تو لوگ پتھر ماریں گے ان کو گالیاں دیں گے، اگر حکومت سمجھتی ہے کہ اس ادارے کو نہیں ہونا چاہیئے تو پارلیمنٹ میں معاملہ پیش کرے، انہیں اندازہ ہی نہیں ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں، آگ سے کھیل رہے ہیں، ایک وزارت میں بیٹھے سیکرٹری سمجھ لیتے ہیں عمارت کو تالا لگا دینے سے معاملہ حل ہو جائے گا، کل وزارت صحت کو ایسے تالا لگا کر باہر کھڑا کر دیں تو دنیا میں کیا تاثر جائے گا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ وزارت صحت اتنی نااہل ہے کہ کیماڑی میں گیس سے لوگ کیسے مرے اندازہ نہیں لگا سکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی اس وزارت نے اس نااہلی کے ساتھ کرونا وائرس سے بھی لڑنا ہے، ہر ادارے کے ساتھ یوں کیا گیا تو ملک تباہ ہو جائے گا، کیا وفاقی حکومت کو سمجھانے والا کوئی بھی نہیں ہے؟، ایک ادارے کے لوگ حکومت کو پسند نہیں آئے، انہیں گھر بھیج دیا گیا، کل حکومت کو وکیل اور جج پسند نہیں آئیں گے، کیا ہمارے لئے بھی آرڈیننس جاری کر دیں گے؟ ایسے الفاظ پٹواری بھی نہیں لکھتا جو وزارت صحت نے لکھ کر بھیجے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ اداروں کو تالے لگا کر لاکھوں شکایات پی ایم پورٹل پر حل کرنے کے دعوے ہوتے ہیں، پی ایم ڈی سی سے متعلق آرڈیننس عدالتی فیصلے کے بعد ختم ہو چکا۔

عدالت نے سیکرٹری صحت سمیت تمام فریقین کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 مارچ کو جواب طلب کرلیا جبکہ عمارت کو تالا لگانے والے افسران کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان میڈیکل کمیشن صدارتی آرڈیننس 2019ء جاری کرکے طبی شعبے کے نگراں ادارے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کر کے اس کی جگہ نیا ادارہ پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) بنادیا تھا۔ اس آرڈیننس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے سماعت کے بعد پی ایم ڈی سی کو تحلیل کرنے کا صدارتی آرڈیننس اور پی ایم سی کا قیام کالعدم قرار دے کر پی ایم ڈی سی ملازمین کو بحال کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 845471

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845471/حکومت-پاکستان-ایسے-کام-کرے-گی-لوگ-پتھر-ماریں-گے-ہائیکورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org