QR CodeQR Code

کراچی میں زہریلی گیس، سویابین کے ذرات ہوا کے ذریعے علاقے میں پھیلے، قادر پٹیل

19 Feb 2020 16:43

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی پی نے کہا کہ پہلے دن کے پی ٹی اسپتال میں متاثرہ افراد کو داخل نہیں ہونے دیا گیا، کراچی پورٹ اور ریلوے کالونی کی بیچ آبادی میں بھی اموات ہوئی ہیں، ایک کوتاہی ہوئی ہے اس کو تسلیم کرنے میں کیا حرج ہے، لوگ سمجھے کہ انہیں منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سویابین کے ذرات ہوا کے ذریعے علاقے میں پھیلے، سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا گیا، جس کی وجہ سے اس کے ذرات پھیلے، ایک کوتاہی ہوئی ہے اس کو تسلیم کرنے میں کیا حرج ہے، لوگ سمجھے کہ انھیں منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیا جا رہا ہے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ کے پی ٹی کا کہنا ہے ذرات سے مزدور کیوں متاثر نہیں ہوئے، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جہاز بہت اونچا تھا اس لئے سویابین ذرات دور آبادی تک پھیل گئے اور مزدور متاثر نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی انسپکٹر کا 19 سال کا بیٹا اسپتال پہنچنے سے پہلے چل بسا، علاقے میں خوف کی فضا تھی، لوگ گھر چھوڑ کر جا رہے تھے، ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ واقعے کی انکوائری کرائیں، ہم نے یہ شک بھی ظاہر کیا تھا کہ واقعے کا تعلق کے پی ٹی سے ہو سکتا ہے، جہاز کو خالی کرانے سے روکا گیا تو آج صورت حال کچھ بہتر ہوئی ہے۔

قادر پٹیل نے کہا کہ پہلے دن کے پی ٹی اسپتال میں متاثرہ افراد کو داخل نہیں ہونے دیا گیا، کراچی پورٹ اور ریلوے کالونی کی بیچ آبادی میں بھی اموات ہوئی ہیں، ایک کوتاہی ہوئی ہے اس کو تسلیم کرنے میں کیا حرج ہے، لوگ سمجھے کہ انہیں منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ضیاء الدین اسپتال میں متاثرین کا فری علاج کرایا، جناح اسپتال میں 2 وارڈز متاثرین کے لئے مختص کرائے، سول اسپتال میں فوری ایمرجنسی نافذ کرائی، رینجرز کا شکر گزار ہوں علاقے میں لوگوں میں ماسک تقسیم کئے۔


خبر کا کوڈ: 845504

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845504/کراچی-میں-زہریلی-گیس-سویابین-کے-ذرات-ہوا-ذریعے-علاقے-پھیلے-قادر-پٹیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org