QR CodeQR Code

مالاکنڈ، 13 سالہ بچی سے زبردستی شادی کرنیوالا ملزم نکاح خواں اور گواہان سمیت گرفتار

19 Feb 2020 19:25

متوفی نے اپنے علاج کیلئے ملزم سبحان الدین سے قرض پیسے لئے تھے جس کے بدلے میں ملزم سبحان نے نادیہ سے شادی کر لی۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں یتیم بچی کے ساتھ زبردستی شادی کرنے والے ملزم اور دونوں کا نکاح پڑھانے والے مولوی کو درگئی لیویز نے گرفتار کر لیا۔ ملاکنڈ لیویز کے تفتیشی افسر محتشم خان کے مطابق 45 سالہ ملزم سبحان الدین نے 13 سالہ نادیہ سے رواں مہینے کی 14 تاریخ کو مبینہ طور پر زبردستی شادی کی تھی اور انہیں آج علاقہ ورتیر میں گرفتار کیا گیا، جبکہ نادیہ کو اپنی نانی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ محتشم خان نے بتایا کہ ملزم سبحان کا تعلق ضلع دیر کے علاقے چکدرہ سے ہے اور پہلے سے شادی شدہ اور 4 بچوں کا باپ ہے۔ لیویز انوسٹی گیشن افسر نے بتایا کہ نادیہ کے والد کینسر کے مریض تھے جو پچھلے دنوں فوت ہوئے ہیں، متوفی نے اپنے علاج کیلئے ملزم سبحان الدین سے قرض پیسے لئے تھے جس کے بدلے میں ملزم سبحان نے نادیہ سے شادی کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیویز اہلکاروں نے ملزم، نکاح کرنے والے پیش امام محمد رحمٰن اور دو گواہان ظاہر شاہ اور مسعود کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے، جرم ثابت ہونے پر ملزم سبحان الدین کو 7 سال قید ہو سکتی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 845523

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845523/مالاکنڈ-13-سالہ-بچی-سے-زبردستی-شادی-کرنیوالا-ملزم-نکاح-خواں-اور-گواہان-سمیت-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org