0
Wednesday 19 Feb 2020 21:59

ضلع کرم کے تاجر رہنماؤں کا درآمدات اور برآمدات کیلئے روٹ پاس کی بحالی کا مطالبہ

ضلع کرم کے تاجر رہنماؤں کا درآمدات اور برآمدات کیلئے روٹ پاس کی بحالی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ درآمدات اور برآمدات کیلئے روٹ پاس بحال کیا جائے، کورنٹائن، متعلقہ چیمبر کا آفس پاک افغان بارڈر خرلاچی میں کھولا جائے اور تاجروں کو بےجا تنگ نہ کیا جائے۔ پاک افغان بارڈر خرلاچی میں تاجروں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڈ یونین کے صدر ملک زرتاج حسین، نائب صدر سید جمشید حسین، کلیئرنگ ایجنٹ صدر نوید حسین طوری اور کلیئرنگ نائب صدر عادل جان مینگل نے کہا کہ پاک افغان بارڈر خرلاچی پر تجارتی گاڑیوں کیلئے روٹ پاس کی بندش کے باعث ان کا کاروبار شدید طور پر متاثر ہوگیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ان کا کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے۔ ٹریڈ رہنماؤں نے کہا افغان اور پاکستانی ایمبیسی نے روٹ پاس کی اجازت دی ہے مگر ایک کلکٹر انہیں منسوخ کرتا ہے جو کہ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ کورنٹائن سرٹیفیکیٹ کا دفتر سو کلومیٹر دور ہونے کے باعث وہ بروقت گاڑیوں کیلئے کورنٹائن سرٹیفیکیٹ مہیا نہیں کرسکتے، جس سے ان کی گاڑیوں میں لدے مال خراب ہورہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ چیمبر سرٹیفیکیٹ کے حوالے سے بھی انہیں مشکلات کا سامنا ہے، ایک علاقے کا چیمبر سرٹیفیکیٹ لگاتے ہیں تو دوسرے چیمبر والے انہیں مسترد کرتے ہیں، جس کے باعث وہ شدید پریشانی سے دوچار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماہانہ کے حساب سے کڑوروں کا ٹیکس دیتے ہیں، مگر اس کے باوجود انہیں مختلف طریقوں سے تنگ کیا جاتا ہے۔ جس سے ان کا کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت پاک افغان خرلاچی بارڈر پر تاجروں کو ہمیشہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلٰی، پاک آرمی کے بریگیڈیئر نجف عباس، ایم این اے، ایم پی اے، سینیٹر، کسٹم کلکٹر اور دیگر متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ روٹ پاس کی بحالی، کورنٹائن اور متعلقہ چیمبر کا آفس خرلاچی میں کھولنے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ تاجروں کو ایمپورٹ ایکسپورٹ میں آسانی ہو بصورت دیگر وہ احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 845549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش