0
Wednesday 19 Feb 2020 23:59
صدی کی ڈیل

ہر ٹارگٹ کلنگ کا بھرپور جواب دینگے، کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے، جہادِ اسلامی فلسطین

ہر ٹارگٹ کلنگ کا بھرپور جواب دینگے، کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے، جہادِ اسلامی فلسطین
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حرکۃ الجہاد الاسلامی کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ نے "فلسطین تقسیم کو قبول نہیں کرتا" کے عنوان سے منعقد ہونیوالی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ "صدی کی ڈیل" نامی سازش کو اسلامی مزاحمت اور فلسطینی قوم کی موجودگی میں عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ ایک سیاسی جھگڑا ہے لیکن کسی بھی وقت فوجی جھگڑے میں بدل سکتا ہے۔ زیاد النخالہ نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کیطرف سے اختیار کردہ ٹارگٹ کلنگ کی پالیسی جیسے اسلامی مزاحمت کو شکست نہیں دے پائی، اسی طرح فلسطینی قوم کو بھی اپنے حق سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کرسکتی۔

حرکۃ الجہاد الاسلامی فلسطین کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دشمن کی دھمکیاں ہمیں ڈرا نہیں سکتیں اور نہ ہی ہمیں اُس چیز کو قبول کرنے پر مجبور کرسکتی ہیں، جو انہوں نے "صدی کی ڈیل" نامی سازش کے عنوان سے تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی دھمکیاں ہمیں فلسطین اور قدس پر اپنے تاریخی حق سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے تمام فلسطینی مزاحمتی تحریکوں سے قدس اور مسئلۂ فلسطین کیلئے انتھک اور بغیر وقفے کے کام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم پورے فلسطین پر اپنا حق اور قدس کو اپنا جہادی قبلہ مانتی ہے۔

فلسطینی جہادی تحریک حرکۃ الجہاد الاسلامی کے سیکرٹری جنرل نے تمام فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کو اپنی صفیں متحد کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدس کو اسرائیلی دارالحکومت کے اعلان پر مبنی امریکی فیصلہ حیران کن نہیں تھا، کیونکہ صیہونی منصوبے کے آغاز سے ہی امریکہ نہ صرف اسکی پشت پناہی کرنے میں مصروف تھا بلکہ وہ اس میں حقیقی طور پر شریک بھی ہے اور درحقیقت اسرائیل اس خطے کے اندر مغربی سازشی تیر کی انّی کا نام ہے۔ زیاد النخالہ نے فلسطینی حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب غاصب اسرائیلیوں کیساتھ فلسطینی حکام کی اس بُرے وقت میں بھی نشست و برخاست جاری ہے تو دوسروں سے کیسے یہ توقع رکھی جا سکتی ہے کہ وہ اسرائیل سے اپنے روابط ختم کر لیں۔

واضح رہے کہ جاری ہفتے میں ایک مرتبہ پھر اسرائیل کیطرف سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں موجود اسلامی مزاحمتی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی بیانات جاری کئے گئے ہیں، جبکہ اسرائیل کیطرف سے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ یحیی السنوار اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے "کتائب الشہید عزّ الدین القسام" بریگیڈ کے کمانڈر مروان عیسی کو غزہ کی پٹی میں تناؤ کے بڑھنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں اپنی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 845572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش