0
Thursday 20 Feb 2020 13:55

رواں برس حج پیکج 4 لاکھ 86 ہزار روپے تک ہوگا، حتمی پالیسی جاری

رواں برس حج پیکج 4 لاکھ 86 ہزار روپے تک ہوگا، حتمی پالیسی جاری
اسلام ٹائمز۔ وزارت مذہبی امور نے باضابطہ طور پر حج پالیسی 2020 جاری کردی جس کے تحت رواں برس حج پیکج فی کس 4 لاکھ 86 روپے تک ہو گا۔ اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری حج پالیسی 2020ء کے مطابق رواں سال پاکستان میں جنوبی ریجن کے لیے حج پیکج 4 لاکھ 55 ہزار 6 سو 95 روپے ہوگا جس مین کوئٹہ کراچی اور سکھر شامل ہیں۔

شمالی ریجن کے لیے حج پیکج 4 لاکھ 63 ہزار 4 سو 45 روپے ہوگا جس میں اسلام آباد، پشاور، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ پالیسی کے مطابق قربانی کے لیے 22 ہزار 8 سو 25 روپے اختیاری ہوں گے، قربانی کے ساتھ جنوبی ریجن کے لیے حج اخراجات 4 لاکھ 78 ہزار 5 سو 20 روپے اور شمالی ریجن کے لیے 4 لاکھ 86 ہزار روپے ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس حج اخراجات میں 29 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 پاکستانی شہری حج کرنے جائیں گے، سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 5 سو26 عازمین جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 71 ہزار 6 سو 84 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

پالیسی کے مطابق رواں برس سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد اور نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال حج کے لیے 24 فروری سے لے کر 4 مارچ تک درخواستیں جمع ہوں گی اور اس حوالے سے تمام قومی بینکوں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

حج کے لیے درخواست گزاروں کے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی شرط لازمی ہوگی جبکہ سینئر سٹیزن کی عمر کی حد 80سال سے کم کرکے 70 سال کردی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق مسلسل 3 بار ناکام درخواست گزار بلا قرعہ اندازی کامیاب تصور ہوگا جبکہ پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار حجاج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

اس اسکیم کے تحت اوورسیز حجاج کے انتخاب کے لیے بھی حج پالیسی کی شرائط کا اطلاق ہو گا۔ حج پالیسی 2020ء کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل افراد حج کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 845665
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش