0
Thursday 20 Feb 2020 18:55

آرمی چیف کی کویت کی عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال

آرمی چیف کی کویت کی عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورہ پر کویت پہنچے جہاں انہوں نے کویت کی عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچے جہاں آرمی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لفٹیننٹ جنرل محمد خالد نے آرمی چیف کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کویتی نائب وزیراعظم، وزیر دفاع شیخ احمد منصور الاحمد الجابر الصباح، کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد خالد الخدر اور انڈر سیکرٹری نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف انجینئر ہاشم عبدالرزاق سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
 
آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون سمیت علاقائی امن اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا، کویت کی سیاسی اور عسکری قیادت نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں پاکستانی قوم کے عزم اور حوصلے کو بےحد سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ سمیت تربیت، دفاعی پیداوار اور افرادی قوت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے پایا گیا، اس کے علاوہ دونوں ممالک دفاعی مصنوعات کی برآمد، تربیت، تربیت یافتہ افرادی قوت، انسانی وسائل کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں تعاون کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 845721
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش