0
Thursday 20 Feb 2020 19:59

شوکت یوسفزئی کا دورہ پاراچنار، جرگہ سے خطاب

شوکت یوسفزئی کا دورہ پاراچنار، جرگہ سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے اور تجارت بڑھانا چاہتے ہیں، قبائلی اضلاع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ملک سے کرپشن اور بے روزگاری کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔ گورنر کاٹیج پاراچنار میں میڈیا سے بات چیت اور جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا کہ پڑوسی ملک افغانستان میں امن ہو تو پاکستان میں بھی امن ہوگا اور سب سے زیادہ اچھے اثرات قبائلی اضلاع پر ہونگے۔ ہم افغانستان کے ساتھ تجارت بڑھانا چاہتے ہیں اور ہمارا کلچر و زبان ایک ہے۔ شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ خالی خزانہ کیساتھ قرض میں ڈوبا ہوا ملک پی ٹی آئی کو ملا، اس وجہ سے ڈیڑھ سال سے عوام کو مہنگائی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر اب وقت آگیا ہے کہ ملک سے مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کا خاتمہ کریں، کیونکہ کرپشن کی وجہ سے قومی ادارے تباہ کرنے اور قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب شروع کر دیا گیا ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں تبدیلی لانے کے دعوے پر کاربند ہے، فاٹا انضمام اور یہاں پر عدالتی نظام، پولیس کا نظام لانا تبدیلی کا حصہ ہے۔ لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں شامل کرکے پولیس مراعات دی گئی ہیں اور قبائلی اضلاع کو سالانہ سو میلین کا جو اعلان کیا گیا تھا، اس میں 84 میلین روپے کی منظوری اب تک ہوچکی ہے۔ شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے جائینگے اور ہم ایک چیلنج کے طور پر یہ سمجھ رہے ہیں کہ ایک نیا صوبہ ہمیں قبائلی اضلاع کی شکل میں ملا ہے، جس میں ترقیاتی کام کرنے ہیں۔ شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پاراچنار اور ضلع کرم سمیت قبائلی اضلاع میں سیاحتی مقامات میں سہولیات کی فراہمی اور سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

قبائلی اضلاع میں صحت کارڈ کے ذریعے عوام کو علاج معالجے کا ذکر کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ عمران خان قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، عمران خان نے قبائل کے حوالے سے ایک کتاب بھی لکھی ہے، اس وجہ سے ہر خاندان کو صحت کارڈ جاری کیا گیا ہے اور پاکستان کے ہر شہری کو عمران خان تک اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں۔ جرگہ سے ریلیف اور ری ہیبلیٹیشن کے صوبائی وزیر اقبال وزیر، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اقبال سید میاں نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ڈی سی کرم شاہ فہد نے مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 845732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش