0
Friday 21 Feb 2020 00:47

علامہ ساجد نقوی کا کوئٹہ، ڈی آئی خان دھماکوں اور زہریلی گیس واقعہ پر اظہار افسوس

علامہ ساجد نقوی کا کوئٹہ، ڈی آئی خان دھماکوں اور زہریلی گیس واقعہ پر اظہار افسوس
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری اور حکومت کا فرض ہے، کراچی میں زہریلی گیس، کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق افراد پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں، ایک مرتبہ پھر ملک دشمن عناصر کا سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے، تمام واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی زہریلی گیس کے واقعہ، کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالے دہشت گردی کے حملوں پر تشویش اور اظہار مذمت کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کراچی تجارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ کیوں لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے پیشگی اقدامات نہ کئے گئے۔ ماحول دوستی کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری تھی، کسی مبینہ زہریلی گیس کے ذریعے ایک درجن سے زائد افراد کا موت کے منہ میں چلا جانا جہاں انتہائی تشویشناک ہے، وہیں تجارتی لحاظ سے بھی ایک بڑا نقصان کا موجب بن سکتا ہے، اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں یکے بعد دیگرے ہونیوالے دہشت گردی کے حملوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرصہ بعد دوبارہ دہشت گردی کا سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے، ایسے موقع پر جب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے، دہشت گردی کا واقعہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے، ملک دشمن اور انسانیت دشمن عناصر ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہے ہیں جو ملک میں امن کی فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے ذمہ داران کو مزید سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام سانحات میں پولیس اہلکاروں اور دیگر جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 845782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش