QR CodeQR Code

بلوچستان میں خوفناک دہشتگردی کا نیٹ ورک بھارت چلا رہا ہے، لیاقت بلوچ

21 Feb 2020 01:04

مرکزی رہنماء جماعت اسلامی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان، مال کی حفاظت میں ناکام ہے۔ حکومت قوم کو جواب دے کہ دہشتگرد پھر سے کیوں فعال ہوگئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں مسلسل حکومتی نااہلی، ناتجربہ کاری، قانون سے کھلواڑ اور بدنیتی اجاگر ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزراء زور بیان، معاملات کو بگاڑنے اور مخالفین کی توہین اور تضحیک کرنے کی عادت کا شکار ہیں، جس سے پورا ریاستی نظام اور ریاستی ادارے بری طرح ناکام ہو رہے ہیں۔ حکومت اپنی مہلت عمل تیزی سے خود کم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی محاذ پر مکمل ناکام ہے۔ مہنگائی کنٹرول کرنے، عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریات مہیا کرنے کا حکومتی ویژن اور لائحہ عمل ناپید ہے۔ حکومت پہلے عوامی مسائل کو تحقیر کی نگاہ سے دیکھ رہی تھی، اب جب پانی سر سے گزرا تو ہلاکت اور حماقت خیز اقدامات کیے جارہے ہیں۔

بجلی، گیس، تیل پر ٹیکسوں کی یہی شرح برقرار رہی تو معاشی سرکل جام ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک گیر مہم کے ذریعے مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی ناکامی پر عوام کو متحد کرے گی۔ لیاقت بلوچ نے بلوچستان میں مسلسل دہشتگردی کے واقعات پر تشویش، صدمہ اور تربت سانحہ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں خوفناک دہشتگردی کا نیٹ ورک بھارت چلا رہا ہے۔ کلبھوشن نیٹ ورک کا تسلسل جاری ہے۔ حکومت عوام کے جان، مال کی حفاظت میں ناکام ہے۔ حکومت قوم کو جواب دے کہ دہشتگرد پھر سے کیوں فعال ہوگئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 845784

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845784/بلوچستان-میں-خوفناک-دہشتگردی-کا-نیٹ-ورک-بھارت-چلا-رہا-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org