0
Friday 21 Feb 2020 14:55

سندھ حکومت جان بوجھ کر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عمل نہیں کر رہی، ارباب غلام رحیم

سندھ حکومت جان بوجھ کر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عمل نہیں کر رہی، ارباب غلام رحیم
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ اور جی ڈی اے کے رہنما ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ سندھ حکومت جان بوجھ کر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عمل نہیں کر رہی، جس کی وجہ سے آٹے، چینی اور دوسری ضروری اشیا کی کمی سندھ میں پیدا ہوگئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ گورنمنٹ کے وزیر اور ان کے اپنے لوگ سندھ میں مذکورہ بحران کے ذمہ دار ہیں جبکہ انہوں نے اپیل کی کہ فوری طور پر وفاقی حکومت کی ایجنسیاں ذخیرہ اندوزوں کے گوداموں پر چھاپے مار کر گندم، چینی اور دوسری اجناس کے ذخیروں کو برآمد کرکے ضبط کریں اور گراں فروشوں کے خلاف کیس درج کئے جائیں۔

یہ بات انہوں نے میرپورخاص میں ملک راجہ عبدالحق ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ادارے تباہ کردیئے جس سے بھوک و افلاس بڑھ گئی ہے اور غریب لوگ بھیک مانگنے پر مجبور ہوگئے ہیں، ملک کی 70 فیصد معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے جسے سندھ کی حکومت نے تباہ کردیا، آج کسانوں کے ساتھ ساتھ زمیندار بھی شدید پریشان ہیں کیوں کہ اخراجات بڑھ گئے ہیں اور زمیندار اپنی فصل کے مناسب نرخ سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری ساری توجہ سابق ایم پی اے سید علی مردان شاہ کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی سیٹ کے الیکشن پر ہے اور جی ڈی اے مکمل پلاننگ کے ساتھ الیکشن لڑے گی اور ہمیں امید ہے کہ ہمارا نمائندہ اس سیٹ پر بھاری اکثیریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرپورخاص ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہے اور میرپورخاص یونیورسٹی کا قیام جلد عمل میں آنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 845857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش