0
Friday 21 Feb 2020 19:16
قومیں تباہ ہو جاتی ہیں جب بڑے چور لندن چلے جائیں اور چھوٹے پکڑے جائیں

حکومت غریبوں کو خوراک، پناہ، صحت اور وکیل فراہم کرے گی، وزیراعظم

آنیوالے دنوں میں عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، یکساں نصاب کی کوشش کر رہے ہیں
حکومت غریبوں کو خوراک، پناہ، صحت اور وکیل فراہم کرے گی، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، جب بڑے چور لندن چلے جائیں اور چھوٹے چور پکڑے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں “احساس آمدن پروگرام ” کے تحت احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنائیں، اب تک یہاں جتنی بھی ترقی ہوئی اس سے امیر امیر اور غریب غریب تر ہو گیا، دونوں میں فاصلہ بڑھتا گیا، کوئی بھی ایسا معاشرہ آگے نہیں بڑھتا جہاں امیر اور غریب میں فرق ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام غریبوں کے لیے ہے، کفالت کارڈ کے ذریعے بھی ان کی زندگی میں بہتری آئے گی، اس پروگرام کے تحت کمزور طبقے کو وسائل دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی بہتر کفالت کر سکیں، ہر مہینے 80 ہزار لوگوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، 50 ہزار اسکالر شپس دی جائیں گی، سڑکوں پر سونے والے بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہیں بنا رہے ہیں جو ملک میں ہر جگہ ہوں گی، 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی عام آدمی سڑک پر نہ سوئے۔

عمران خان نے کہا کہ غریبوں نے اگر عدالت میں جانا ہو گا تو ان کا وکیل حکومت کی طرف سے ہو گا، 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیں گے، اسپتال بنانے کے لیے جو بھی مشینیں منگوانی ہیں ان سے ڈیوٹی ہٹا دی گئی ہیں جب کہ صحت کے ساتھ ساتھ تعلیم کے نظام کی طرف بھی توجہ ہے اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بھی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری سمیت تمام اسکولوں میں یکساں نصاب کی کوشش کر رہے ہیں، 70 سالوں میں تعلیم کا نظام جو بگڑا ہے اس کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کے محکمہ کو بھی بہتر بنا رہے ہیں، وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں جہاں بڑے چور ایوانوں میں پھریں، لندن چلے جائیں اور بڑے بڑے گھروں میں رہیں لیکن چھوٹے چور پکڑے جائیں، میں نے آئی جی پنجاب پولیس کو چھوٹے بدمعاشوں کی بجائے بڑے بدمعاشوں کو پکڑنے کا حکم دیا ہے، پولیس بڑے ڈاکوؤں کو جیل میں ڈالے چھوٹے خود ٹھیک ہو جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک مشکل وقت سے نکل گیا لیکن آگے آسان زندگی نہیں اور بڑے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، ملک کا خسارہ 75 فیصد کم ہوا، روپیہ بھی مستحکم ہوا، ملک اب سیدھے راستے پرہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
خبر کا کوڈ : 845934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش