QR CodeQR Code

سرائیکی جماعتوں کی ماں بولی زبان کے عالمی دن کے موقع پر ریلی 

21 Feb 2020 23:52

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حضرت قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے 11 اگست کے خطاب میں کہا تھا کہ یہ ملک سب کا ہے اور یہاں رہنے والے تمام لوگوں کے حقوق برابر ہیں، مگر سرائیکی عوام کا مسلسل استحصال کیا جا رہا ہے اس لئے اس وسیب میں رہنے والے تمام عوام کا مطالبہ ہے کہ موجودہ حکومت اپنے انتخابی اعلان کے مطابق سرائیکی صوبے بنائے۔


اسلام ٹائمز۔ مختلف زبانیں بولنے والے سیاسی، سماجی رہنماوں اور خواتین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرائیکی سمیت تمام زبانوں کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے، مکمل بااختیار سرائیکی صوبہ قائم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے سرائیکستان جمہوری پارٹی، سرائیکستان صوبہ محاذ اور وسیب تاجر اتحاد کے زیراہتمام ماں بولی زبان کے عالمی دن کے حوالے سے مرکزی ریلی سے خطاب میں کیا۔ جس کی قیادت سید مہدی الحسن شاہ، سید مطلوب حسین بخاری، سید اختر گیلانی، بلوچ رہنما روف خان ساسولی، پیپلزپارٹی کے رہنماوں ایم سلیم راجہ، شاہد رضا صدیقی، منظور قادری، عابدہ حسین بخاری، تاجر رہنماوں صدیق تھہیم، ایم سلیم درباری، مزدور رہنما عاشق بھٹہ سمیت دیگر قائدین نے کی۔ قائدین نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک میں سرائیکی سمیت مختلف زبانیں بولنے والوں کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں، حالانکہ حضرت قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے 11 اگست کے خطاب میں کہا تھا کہ یہ ملک سب کا ہے اور یہاں رہنے والے تمام لوگوں کے حقوق برابر ہیں، مگر سرائیکی عوام کا مسلسل استحصال کیا جا رہا ہے اس لئے اس وسیب میں رہنے والے تمام عوام کا مطالبہ ہے کہ موجودہ حکومت اپنے انتخابی اعلان کے مطابق سرائیکی صوبے بنائے، سیدمہدی الحسن شاہ اور سید مطلوب بخاری نے کہا کہ علیحدہ صوبے کے قیام کیلئے ہماری بھروپور جدوجہد جاری رہے گی۔

بلوچ رہنما روف ساسول نے کہا کہ اب تک سرائیکی عوام کو صوبے کا لولی پاپ دیا جا رہا ہے، یہاں کے جاگیردار آج بھی لاہور اور اسلام آباد کے مال روڈ کو زیادہ پسند کرتے ہیں، تمام زبانوں کو آئینی تحفظ دیا جائے۔ ایم سلیم راجہ، منظور قادری اور عابدہ بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پہلے بھی صوبے کے قیام کی علمی جدوجہد کی اور سید یوسف رضا گیلانی نے پہلی بار اسمبلی کے فورم پر صوبے کی آواز بلند کی، اب سرائیکی صوبہ پیپلزپارٹی بنائے گی۔ ریلی چوک نواں شہر سے شروع ہوکر پریس کلب ابدالی روڈ ملتان پر ختم ہوئی۔ جس میں چیئرمین وسیب تاجر اتحاد امتیاز شیخ، ڈاکٹر ہاشم رضا شاہ، شان راجپوت، سہیل عثمان ہاشمی، صغیر سیال، نصیر سیال، رشید لنگاہ، اللہ بخش شجرا، ملک ممتاز نعیم، عاشق بلوچ، سردار ذوالفقار، مخدوم محمد عباس، سردار ایوب خان، ملک اللہ دتہ ملانہ، سلیمان گیلانی، شازیہ بلوچ، رقیہ شبیر، پروین نصیر، شازیہ بی بی، ملک عبدالوہاب اعوان، ملک گلزار سہو، امجد سیال، عبدالہادی اعوان، اقبال بلوچ، مخدوم خضر بخاری، سید ناصر مصطفے، ضیغم قریشی، اشفاق بھٹہ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں، مزدوروں اور نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر ملک کے استحکام اور سرائیکی صوبے کے قیام کی دعاء کرائی گئی۔


خبر کا کوڈ: 845989

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/845989/سرائیکی-جماعتوں-کی-ماں-بولی-زبان-کے-عالمی-دن-موقع-پر-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org