QR CodeQR Code

سندھ حکومت کراچی میں مزید 2 اضلاع کو شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، میئر کراچی

22 Feb 2020 18:18

آل سٹی تاجر ​​اتحاد کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب میں وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کو مزید تقسیم کرنے کی اب ہر سازش کا ڈٹ کا مقابلہ کیا جائے گا، شہر کو پل اور انڈرپاسز نہیں بلکہ علاقوں کے بنیادی مسائل کا حل چاہیئے، وفاق اور سندھ کو کراچی اور عالمی ڈونرز ایجنسیوں سے اربوں روپے آئے لیکن ان سے کے سی آر نہیں چلتی۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں مزید 2 اضلاع کو شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں آل سٹی تاجر ​​اتحاد کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار “کراچی کے شہری مسائل” سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کرنے کے نام پر حکومت سندھ کراچی میں مزید 2 اضلاع بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی زیر قیادت سندھ حکومت نے سیاسی مفاد کیلئے ایک ضلع کو مزید 6 اضلاع میں تقسیم کرکے کراچی کو تباہ کردیا ہے، اب ضلع لیاری اور ضلع گڈاپ کو بھی تشکیل دینے کا ارادہ کر رہے ہیں۔ میئر کراچی کے مطابق حکومت سندھ پہلے ہی کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں تبدیل کرچکی ہے اور ٹیکس وصولی کے محکموں کو بھی اپنے کنٹرول میں رکھا ہوا ہے۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کو مزید تقسیم کرنے کی اب ہر سازش کا ڈٹ کا مقابلہ کیا جائے گا، شہر کو پل اور انڈرپاسز نہیں بلکہ علاقوں کے بنیادی مسائل کا حل چاہیئے، وفاق اور سندھ کو کراچی اور عالمی ڈونرز ایجنسیوں سے اربوں روپے آئے لیکن ان سے کے سی آر نہیں چلتی۔

وسیم اختر نے اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ حکومت سندھ نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء میں ترامیم کے حوالے سے کام جاری ہے اور اسے جلد حتمی شکل دے دی جائے گی، تاجر کمیونٹی کو صوبائی حکومت سے پوچھنا چاہیئے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء میں کس قسم کی ترامیم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کے لئے عدالتوں میں موجود ہوں، میں نے آنے کے بعد اعلیٰ عدلیہ کا سہارا لیا، آرٹیکل 140اے کی پٹیشن داخل کی۔ وسیم اختر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے پچھلے 70 سال میں یکساں لوکل گورنمنٹ ایکٹ نہیں بنایا، اس نظام میں مسلسل تبدیلی کا اضافہ کراچی پر تباہ کن اثر ڈالتا ہے، سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کروائے، ورنہ سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات نہ کرواتیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ وہ بلدیاتی اداروں کے حقوق بھی بحال کرے۔ انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ کراچی کے لئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 846139

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846139/سندھ-حکومت-کراچی-میں-مزید-2-اضلاع-کو-شامل-کرنے-کا-منصوبہ-بنا-رہی-ہے-میئر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org