QR CodeQR Code

بلاول زرداری آئی ایم ایف کا رونا رونے سے پہلے پیپلز پارٹی کے ماضی کو بھی دیکھ لیں، حلیم عادل شیخ

22 Feb 2020 20:10

اپنے جاری کردہ بیان میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بلاول کی گرفتاری کا خوف کھائے جارہا ہے، جس نے کرپشن کرکے ملک اور قوم کو لوٹا ہے اس کا احتساب ضرور ہوگا، موجود حکومت مشکل حالات سے گذر چکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلاول زرداری آئی ایم ایف کا رونا رونے سے پہلے پیپلز پارٹی کے ماضی کو بھی دیکھ لیں، پی پی پی کی پہلی حکومت میں ذواالفقار علی بھٹو کے دور میں تین بار آئی ایم ایف سے قرضہ لیا گیا، بھٹو دور میں لئے گئے قرضے کی مالیت صفر عشاریہ تین پانچ ارب ڈالر تھی، 1988ء میں بینظیر بھٹو کی حکومت میں اعشاریہ نو ایک ارب ڈالر قرضہ آئی ایم ایف سے لیا گیا، بلاول کے چاچا نواز شریف نے پہلے دور حکومت میں ایک اعشاریہ پانچ نو ارب ڈالر آئی ایم ایف سے قرضہ لیا، بینظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں بھی دو ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ آئی ایم ایف سے لیا گیا، 2008ء میں زرداری کے دور حکومت میں بھی سات ارب ڈالر قرضہ آئی ایم ایف سے لیا، دوبارہ بلاول کے چاچا نواز شریف نے تیسری حکومت میں بھی آئی ایم ایف سے رجوع کیا تھا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا تعلق ساٹھ سال پرانا ہے، موجودہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک سے غربت کے خاتمے کا پلان بنایا ہے، یہ پہلی حکومت ہے جس میں ادارے مضبوط ہورہے ہیں، آئی سی یو میں ملی معیشیت ہمارے کپتان نے مستحکم کی ہے، پیپلز پارٹی کو بلاول کی گرفتاری کا خوف کھائے جارہا ہے، جس نے کرپشن کرکے ملک اور قوم کو لوٹا ہے اس کا احتساب ضرور ہوگا، موجود حکومت مشکل حالات سے گذر چکی ہے، پاکستان ترقی کی راہ پر ہے، نئے بڑے بڑے منصوبے آرہے ہیں، غربت کے خاتمے اور مہنگائی کم کرنے کے لئے وزیراعظم بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 846156

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846156/بلاول-زرداری-آئی-ایم-ایف-کا-رونا-رونے-سے-پہلے-پیپلز-پارٹی-کے-ماضی-کو-بھی-دیکھ-لیں-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org