0
Saturday 22 Feb 2020 23:16
حکومت نے کشمیر فروخت کر دیا ہے

مسئلہ کشمیر ٹرمپ کی ثالثی میں حل نہیں ہو سکتا، سینیٹر مشتاق احمد

صدی کی ڈیل کا منصوبہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے
مسئلہ کشمیر ٹرمپ کی ثالثی میں حل نہیں ہو سکتا، سینیٹر مشتاق احمد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے رہنماء سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس سے ہر مسلمان کی دلی وابستگی ہے، بیت المقدس ہمارے اندر جسم میں دوڑنے والے لہو کی طرح شامل ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو متنبہ کیا کہ مسئلہ فلسطین پہ کوئی کمپرومائز ہرگز قابل برداشت نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پہ کسی قسم کی ثالثی کا کوئی حق حاصل نہیں اور نہ ہی مسئلہ کشمیر ٹرمپ کی ثالثی میں حل ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے صدی کی ڈیل کا امریکی منصوبہ مکمل طور پر ناکامی سے دوچار ہو چکا ہے اور اسے عالم اسلام نے کلی طور پر مسترد کر دیا ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ دنیا کے 21 مبصر مالک کی موجودگی میں افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان ہونے والا امن معاہدہ امریکی شکست کا عکاس ہے۔ افغان طالبان نے امریکہ کو شکست فاش سے دوچار کیا ہے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ حکومت کے خلاف مولانا کو دیوار پر چڑھا کر سیڑھی کھینچ لی گئی۔ ہم اسی لئے مولانا کے ساتھ نہیں تھے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ لوگ ناقابل اعتبار ہے، یہی لوگ ڈیفینس ایکٹ میں ترمیم کی بات پر پھر سب اکھٹے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور آئی ایم ایف کی غلامی سے بچنے کے لئے قانون سازی کیوں نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں مولانا کے ساتھ تھیں مگر آزادی مارچ میں ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے، مولانا دھوکہ کرنے والوں کو منظر عام پر لائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹویٹر سلطان ہے، اب ٹویٹ اور جمعہ کا احتجاج بھی چھوڑ دیا ہے۔

سینیٹر مشتاق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گلیوں سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، پی ٹی آئی سب سے بڑے دھوکے اور فریب کا نام ہے۔ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کا جذباتی استحصال کیا ہے، جبکہ موجودہ حکومت غربت اور غلامی کی حکومت ہے، یہ حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اور گذشتہ حکومت میں کوئی فرق نہیں دونوں نے عوام کو لوٹا ہے، پی ٹی آئی نے گذشتہ حکومت کی پالیسیاں جاری رکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے خلاف ہیں مگر مجرم اپوزیشن کو بھی سمجھتے ہیں، اپوزیشن میں بھی چور، نیب زدہ اور مافیا بیٹھا ہوا ہے۔ ہم متحدہ اپوزیشن کے پابند نہیں ہیں، ہم پارلیمنٹ، میڈیا اور گلی کوچوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کرینگے، کشمیر فروش حکومت نے کشمیر کو فروخت کرلیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 846180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش