0
Saturday 22 Feb 2020 23:28

ایران میں کرونا وائرس سے اموات، تفتان اور ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ

ایران میں کرونا وائرس سے اموات، تفتان اور ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے ایران سے ملحقہ اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے ایران میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی اطلاعات کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا۔ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ تمام ضلعی صحت افسران کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ خصوصی طبی ٹیمیں تفتان اور دیگر حساس علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے تمام تر اقدامات کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔ کرونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

محکمہ صحت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق وزیراعلٰی جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں ایران سے منسلک سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کرونا وائرس کی روک تھام کے کیلئے اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کنٹرول روم فعال اور تفتان میں ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ تفتان بارڈر پر پہلے سے دو ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ مزید سات ڈاکٹر آٹھ تھرمل گن کے ساتھ تفتان پہنچ گئے ہیں جو ایران سے آنے والے زائرین اور دیگر مسافروں کی سکریننگ کریں گے۔ ایران کے ساتھ آمد رفت کے دیگر پانچ راستوں پر بھی مکمل احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسلام آباد سے این آئی ایچ کی ٹیمیں بھی تفتان پہنچ رہی ہیں جو طبی عملے کو تربیت بھی دیں گی۔ محکمہ صحت نے 100خیمے اور بیڈ بھی تفتان پہنچا دیئے ہیں اور موبائل دفتر قائم کر دیا گیا ہے جبکہ ضرورت کے مطابق مزید طبی عملہ اور طبی آلات بھی بھجوائے جائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 846189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش