0
Sunday 23 Feb 2020 02:08

مقبوضہ کشمیر میں بسنے والا ہر شہری آزادی کا نڈر سپاہی ہے، علامہ باقر زیدی

مقبوضہ کشمیر میں بسنے والا ہر شہری آزادی کا نڈر سپاہی ہے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کئے گئے محاصرے کے 200 روز پورے ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہورہا ہے، مقبوضہ وادی میں بزرگوں، جوانوں، بچوں اور خواتین کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانا بھارتی فوج کا معمول بن چکا ہے، اشیائے خورد و نوش کی ترسیل اور مریضوں کے لئے ادویہ کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کرکے عوام کے لئے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے وحشیانہ مظالم عالمی ذرائع ابلاغ پر بھی نشر کئے جارہے ہیں جو اقوام عالم کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں، بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر کشمیر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عام شہریوں کی نقل و حرکت کو ان کے گھروں تک محدود کرکے یا ظلم و تشدد کا نشانہ بناکر آزادی کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، کشمیر کی آزادی کی گونج پوری دنیا میں پھیل چکی ہے، آج عالمی سطح پر بھی کشمیریوں کے حق میں آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے جو کشمیری عوام کی فتح کی نوید ہے، مقبوضہ کشمیر میں بسنے والا ہر شہری آزادی کا نڈر سپاہی ہے، بھارتی فوج کی درندگی کشمیری نوجوانوں کے جذبے اور عزم کے راہ کی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہونے والا ہے۔
خبر کا کوڈ : 846202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش