QR CodeQR Code

خطے میں عدم تحفظ کی اصلی وجہ امریکہ کا وجود اور اُسکی سیاست ہے، ڈاکٹر حسن روحانی

عالمی برادری غیر قانونی امریکی پابندیوں کی موثر انداز میں مذمت کرے

23 Feb 2020 05:41

ایرانی صدر نے تہران میں ہالینڈ کے وزیر خارجہ کیساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں نے اب ایرانی عوام کی غذا اور دواؤں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ عالمی برادری سے ہماری توقع ہے کہ وہ موثر انداز میں ان غیرقانونی پابندیوں کی مذمت کرے۔ انہوں نے خطے میں عدم تحفظ کی اصلی وجہ کو امریکہ کا وجود اور اسکی سیاست قرار دیا اور کہا کہ عراقی پارلیمنٹ اپنی سرزمین سے امریکی انخلاء کی قرارداد منظور کر چکی ہے اور اسی طرح شام کے اندر بھی امریکی موجودگی قوانین اور شامی حکومت کی مرضی کے خلاف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں ہالینڈ کے وزیر خارجہ اسٹف بلاک کے ساتھ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران جوہری معاہدے (JCPOA) کو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے فائدہ مند سمجھتا ہے۔ ایرانی صدر نے ہالینڈ کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ جوہری معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ دستبرداری نہ صرف خطے کے ممالک کیلئے انتہائی نقصاندہ ہے بلکہ خود امریکہ اور ساری دنیا کیلئے بھی ضرر رساں ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ تمام ممالک کو چاہئے کہ وہ جوہری معاہدے کو بچانے کیلئے کوشش کریں جبکہ اس حوالے سے ہم نے یورپی یونین کیساتھ مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے ہالینڈ اور ایران کے درمیان سالہا سال سے موجود اچھے دوستانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہالینڈ کے ساتھ سیاسی و اقتصادی تعلقات کی توسیع کے آرزومند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ سیاست دوسرے ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر مبنی ہے جبکہ ہم یورپی یونین کے ساتھ بھی گرم اور دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔

ایرانی صدر نے غیرقانونی امریکی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں نے اب ایرانی عوام کی غذا اور دواؤں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ عالمی برادری سے ہماری توقع ہے کہ وہ موثر انداز میں ان غیرقانونی پابندیوں کی مذمت کرے۔ انہوں نے خطے میں عدم تحفظ کی اصلی وجہ کو امریکی موجودگی اور اسکی سیاست قرار دیا اور کہا کہ عراقی پارلیمنٹ اپنی سرزمین سے امریکی انخلاء کی قرارداد منظور کر چکی ہے اور اسی طرح شام کے اندر بھی امریکی موجودگی قوانین اور شامی حکومت کی مرضی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں افغانستان کے عوام بھی اپنی سرزمین پر امریکی موجودگی کے خلاف ہیں۔

ہالینڈ کے وزیر خارجہ اسٹف بلاک نے بھی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے مزید فروغ پر زور دیتے ہوئے ایران اور یورپ کے درمیان مالیاتی فروغ کے نئے نظام "انسٹکس" کے اندر مستقبل قریب میں اپنے ملک کے فعال کردار ادا کرنے کی امید ظاہر کی۔ اسٹف بلاک نے جوہری معاہدے کو ایک بین الاقوامی معاہدے کے طور پر محفوظ کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کھلم کھلا اور خصوصی طور پر امریکیوں کو کہا ہے کہ جوہری معاہدے سے ان کی یکطرفہ طور پر دستبرداری درست کام نہیں تھا۔ ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری معاہدے کی حفاظت کے لئے گفتگو کا دروازہ کھلا رکھا جانا چاہئے کیونکہ مذاکرات مشکلات اور اختلافات کا حل قرار پا سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 846206

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846206/خطے-میں-عدم-تحفظ-کی-اصلی-وجہ-امریکہ-کا-وجود-اور-ا-سکی-سیاست-ہے-ڈاکٹر-حسن-روحانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org