QR CodeQR Code

روس کورونا وائرس سے متعلق غلط اطلاعات پھیلا رہا ہے، امریکا

23 Feb 2020 08:43

امریکی حکام کے مطابق روسی مہم کی وجہ سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی حکام نے الزام لگایا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متعلق غلط اطلاعات پھیلانے کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے مشترکہ مہم شروع کی ہے جس میں یہ کہا جا رہا کہ کورونا وائرس کو دنیا میں پھیلانے میں امریکا کا ہاتھ ہے، مہم کا مقصد دنیا بھر میں امریکا کی شناخت کو متاثر کرنا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے سوشل میڈیا پر مختلف زبانوں میں کورونا وائرس سے متعلق تشویش پھیلائی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا کے کچھ اکاؤنٹس میں یہ بھی غلط دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس امریکی ایجنسی سی آئی اے کا تیارہ کردہ بیالوجیکل ہتھیار ہے جس سے امریکا چین کے خلاف معاشی جنگ لڑ رہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق روسی مہم کی وجہ سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں، متاثرہ ممالک وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید وسائل صرف کریں۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر ٹیڈروس کے مطابق چین سے باہر 26 ممالک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1152 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 846210

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846210/روس-کورونا-وائرس-سے-متعلق-غلط-اطلاعات-پھیلا-رہا-ہے-امریکا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org