QR CodeQR Code

لال مسجد کا معاملہ جلد حل کر لیا جائے گا، گورنر پنجاب

23 Feb 2020 12:31

چودھری محمد سرور کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ لال مسجد کے حوالے سے کچھ ایشوز ہیں، جو تصفیہ طلب ہیں، ساتھ ہی ایسا میکانزم بنا رہے ہیں کہ کوئی حکومت بلیک میل نہ کر سکے، لال مسجد کے معاملے میں بھی حکومت بلیک میل نہیں ہوگی بلکہ قانون و انصاف کی پاسداری کی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے معروف صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے استاد، حضرت شاہ عنایت قادریؒ کے سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت کی۔ لاہور میں شاہراہ فاطمہ جناح پر واقع حضرت شاہ عنایت قادریؒ کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ صوفیا نے ہمیشہ امن اور محبت کا پیغام دیا ہے، صوفیاء کی تعلیمات کو عام کرکے معاشرے میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کر دیا ہے، آج پاکستان کا شمار پرامن ممالک میں ہوتا ہے، گزشتہ 3 ماہ سے لاہور میں کرکٹ میچز ہو رہے ہیں جبکہ دیگر مغربی ممالک کے سیاح بھی پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، اور امن کے قیام کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام کرئے گی۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں حضرت شاہ عنایت قادریؒ کے مزار پر حاضر ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے عفریت کا خاتمہ کرنے کیلئے آپریشن ردالفساد جاری رہے گا اور ملک میں امن کے قیام کا کریڈٹ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو جاتا ہے۔ ایک سوال پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ حکومت لال مسجد کا معاملہ بھی جلد حل کرلے، کچھ معاملات ہیں، جو تصفیہ طلب ہیں، ساتھ ہی ایسا میکانزم بنا رہے ہیں کہ کوئی حکومت بلیک میل نہ کر سکے، لال مسجد کے معاملے میں بھی حکومت بلیک میل نہیں ہوگی بلکہ قانون و انصاف کی پاسداری کی جائے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف سید گلزار حسین شاہ بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 846244

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846244/لال-مسجد-کا-معاملہ-جلد-حل-کر-لیا-جائے-گا-گورنر-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org