QR CodeQR Code

یمن میں تیار کردہ پیشرفتہ ایئر ڈیفنس سسٹمز کا افتتاح

23 Feb 2020 17:37

یمنی دفاعی فورسز کیطرف سے متعارف کروائے گئے ملک میں تیار کردہ نئے اور پیشرفتہ ایئر ڈیفنس سسٹمز میں زمین سے ہوا میں مار کرنے والے ثاقب1، ثاقب2، ثاقب3 اور فاطر1 میزائل سسٹمز شامل ہیں جنہیں افتتاح سے قبل متعدد جارح جاسوس و لڑاکا طیاروں کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی آزمایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جارح سعودی اتحاد کے متعدد جاسوس طیاروں کے علاوہ 12 لڑاکا جیٹ طیارے بھی تاحال یمنی فورسز کے ہاتھوں مار گرائے جا چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی دفاعی فورسز نے آج 4 نئے ایئر ڈیفنس سسٹمز کا افتتاح کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یمنی مزاحمتی فورس انصاراللہ کے سیاسی ونگ کے سربراہ "مہدی المشاۃ" نے دارالحکومت صنعاء میں منعقد ہونے والی "شہید عبدالعزیز الھمھرم" نامی نمائش میں ملک کے اندر تیار کردہ 4 نئے پیشرفتہ ایئر ڈیفنس سسٹمز کا افتتاح کیا ہے۔ تازہ متعارف کروائے گئے یمنی ڈیفنس سسٹمز میں ثاقب1، ثاقب2، ثاقب3 اور فاطر1 شامل ہیں۔ اس موقع پر مہدی المشاۃ کا کہنا تھا کہ متعارف کروائے گئے ہوائی دفاع کے یہ سسٹمز نئی اور پیشرفتہ ٹیکنالوجیز سے لیس ہیں جنہیں دشمن کے متعدد لڑاکا و جاسوس طیاروں کو کامیابی کے ساتھ تباہ کرنے کی متعدد کارروائیوں میں بھی آزمایا گیا ہے۔


اس موقع پر "یمن پر مسلط کردہ 5 سالہ جنگ کے دوران یمنی ہوائی دفاع کی ترقی کے مراحل" پر مبنی ایک ڈاکومنٹری فلم بھی جاری کی گئی۔ انصار اللہ کے سیاسی ونگ کے سربراہ مہدی المشاۃ نے یمنی وزارت دفاع و جوائنٹ کمیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی اسلامی انقلاب کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی کی طرف سے دفاعی قوت کے حصول اور اسکی توسیع پر تاکید کا یہ عملی نمونہ ہے جبکہ جاری سال یمنی ہوائی دفاع کا سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے یہ جدید ایئر ڈیفنس سسٹمز نہ صرف جاری جنگ کا رُخ موڑ دیں گے بلکہ جارح دشمن کے ہوائی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مزید پیشرفتہ اور موثر نئے سسٹمز کی بنیاد بھی بنیں گے۔


دوسری طرف یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ متعارف کروائے گئے نئے پیشرفتہ یمنی ایئر ڈیفنس سسٹمز کی مزید تفصیلات سے میڈیا کو عنقریب آگاہ کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 5 سالوں سے یمن پر مسلط کردہ سعودی اتحاد کی اس جنگ کے دوران یمنی ڈیفنس فورسز کے ہاتھوں سعودی اتحاد کے دسیوں جاسوس و لڑاکا طیارے مار گرائے گئے ہیں جن میں آخری سعودی لڑاکا طیارہ "ٹارنیڈو" تھا جو 15 فروری 2020ء کے روز یمنی صوبے الجوف کی فضائی حدود میں نشانہ بنا۔ یمنی فورسز نے سعودی عرب کی طرف سے مسلط کردہ اس جنگ کے دوران تاحال دسیوں جاسوس طیاروں کے علاوہ سعودی اتحاد کے 12 لڑاکا جیٹ طیارے بھی مار گرائے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 846278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846278/یمن-میں-تیار-کردہ-پیشرفتہ-ایئر-ڈیفنس-سسٹمز-کا-افتتاح

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org