0
Sunday 23 Feb 2020 21:14

بلاول کی 6 مہینوں میں حکومت ختم کرنے کی باتیں دیوانے کی بڑھک ہے، فردوس عاشق اعوان

بلاول کی 6 مہینوں میں حکومت ختم کرنے کی باتیں دیوانے کی بڑھک ہے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 6 ماہ میں بلاول بھٹو زرداری کا سندھ میں اقتدار ختم ہونے والا ہے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری دن کی روشنی میں سہانے خواب دیکھتے ہیں، 6 مہینوں میں حکومت ختم کرنے کی باتیں دیوانے کی بڑھک ہے، سیاسی لولے لنگڑے عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، کوئی حکومت جانے کے خواب دیکھنے والوں کو ہوش دلائے، ہم ایسے کئی 6 مہینوں تک اپوزیشن کے سینے پر مونگ دلتے رہیں گے، سندھ کے عوام اپنے صوبے کے حکمرانوں کو کب تک برداشت کریں گے، سندھ میں ان کا اقتدار 6 ماہ میں ختم ہونے والا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ عوام کے مفاد میں نہیں تھا۔ مسلم لیگ (ن) میں قیادت کا قحط ہے، پارٹی میں زبان بندی کا موسم آیا ہوا ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا چیمبر خالی پڑا ہے۔ نوازشریف جب اقتدار سے ہٹتے ہیں تو بیمار ہو جاتے ہیں۔ انہیں اقتدار سے جڑی لاعلاج بیماری لاحق ہے۔ دعاگو ہیں نواز شریف جلد از جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں۔ اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23 فروری، یوم مزاحمت نسواں کشمیر اور مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا سیاہ ترین دن ہے۔ بھارتی قابض افواج نے نہتی، بےگناہ اور بے یار و مدد گار خواتین کی اجتماعی بےحرمتی کی بھیانک مثال قائم کی۔ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے بھارتی ظلم وجبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 846304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش