QR CodeQR Code

شامی افواج نے ایک مرتبہ پھر امریکی گشتی پارٹی کا رستہ کاٹ دیا

24 Feb 2020 02:55

شامی فوجی افسر نے "اسپتنک" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری افواج کیطرف سے امریکیوں کا رستہ کاٹ دیئے جانے کے بعد وہ کردوں کے زیر کنٹرول علاقے میں داخل ہو گئے جبکہ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ کیطرف سے داعش کے بنائے جانے اور پھر اُسکے خلاف جنگ کے بہانے عراق و شام میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کا اصلی مقصد ان سرزمینوں میں موجود تیل کو لوٹنا ہے جبکہ وہاں کی عوام اسکے خلاف ہے اور یہی وجہ ہے کہ شامی عوام اور امریکی فوج کے درمیان ہونیوالی متعدد جھڑپوں میں تاحال 2 امریکی ہلاک اور 1 زخمی ہو چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شامی فوج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے شام میں قابض امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت میں ایک مرتبہ پھر رکاوٹ ڈال کر انہیں الٹے پیروں واپس پلٹ جانے پر مجبور کر دیا ہے۔ شام کے شمالی صوبے حسکہ میں عوام کی طرف سے قابض امریکی فوج کی نقل و حرکت محدود کرنے پر مبنی مزاحمتی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس حوالے سے شامی افواج نے بھی ان کا ساتھ دینا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے قابض امریکی فوج کی نقل و حرکت کو محدود کرتے ہوئے حسکہ کے مشرقی علاقے "السیباط" اور "تل اسود" میں واقع اپنی چیک پوسٹ پر امریکی گشتی پارٹی کا رستہ کاٹ کر انہیں الٹے پیروں واپس پلٹ جانے پر مجبور کر دیا۔


روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق شام کے شمالی صوبے حسکہ میں عوامی مزاحمتی کارروائیوں اور شامی افواج کے عدم تعاون کی بناء پر امریکی نقل و حرکت محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکیوں نے شامی عوام کی مزاحمتی کارروائیوں کے خوف سے اپنے متعدد فوجی اڈوں کو بھی شامی افواج کے فوجی مراکز کے قریب منتقل کر لیا ہے۔ امریکی فوج کی گشتی پارٹی کیساتھ پیش آئے تازہ واقعے کے بارے میں ایک شامی فوجی افسر نے اسپتنک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری افواج کی طرف سے امریکی گشتی پارٹی کا رستہ کاٹ دیئے جانے کے بعد امریکی فوجی "صفیا" نامی قصبے سے گزرتے ہوئے کرد فوجیوں کے زیر کنٹرول "بیزارہ" نامی علاقے میں داخل ہو گئے۔

دوسری طرف عالمی میڈیا نے خبر دی ہے کہ امریکی فوج نے شام کے دوسرے علاقوں سے اپنے وسیع فوجی سازوسامان کو "دیرالزور" میں واقع اپنے فوجی اڈے میں منتقل کر لیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق 50 سے زائد بھاری فوجی گاڑیوں پر مشتمل امریکی کاروان شامی شہر حسکہ سے نکل کر تیل سے مالامال شامی سرزمین "العمر" میں پہنچ گیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے داعش کے بنائے جانے اور پھر اُس کے خلاف جنگ کے بہانے عراق اور شام میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کا اصلی مقصد ان سرزمینوں میں موجود تیل کو لوٹنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایک عرصے سے تیل سے مالامال شامی علاقے حسکہ کی عوام امریکی فوج کی موجودگی کے خلاف سراپا احتجاج ہے جبکہ امریکی فوج کے ساتھ ان کی متعدد جھڑپوں میں تاحال 2 امریکی فوجی ہلاک اور 1 زخمی ہو چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 846353

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846353/شامی-افواج-نے-ایک-مرتبہ-پھر-امریکی-گشتی-پارٹی-کا-رستہ-کاٹ-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org