QR CodeQR Code

شاہین باغ احتجاجیوں کیخلاف غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں، کل جماعتی تحریک

24 Feb 2020 20:31

کل جماعتی تحریک کے ذمہ داران نے کہا کہ ایسے فرقہ پرست ذہنیت رکھنے والے چینلوں کو ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ آپ ہمارے بارے میں کتنی بھی غلط باتیں پھیلائیں، ہم دستور کے دائرے میں رہ کر اس وقت تک یہ احتجاج جاری رکھیں گے جب تک حکومت یہ قانون واپس نہیں لیتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ناندیڑ یوپی میں کُل جماعتی تحریک کی جانب سے شروع کیا گیا احتجاجی دھرنا آج چالیسویں دن میں داخل ہوگیا ہے۔ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین اس دھرنے میں شریک ہورہی ہیں۔ ناندیڑ کے شاہین باغ میں خواتین کا جوش و خروش دیکھنے کے قابل ہے۔ روزانہ مختلف تنظیموں کے ذمہ داران یہاں پہنچ کر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔ مرد و خواتین کے علاوہ طلبہ بھی احتجاجی دھرنے میں برابر شریک ہورہے ہیں اور تقاریر، نظمیں اور گیت پیش کررہے ہیں۔ شاہین باغ کے احتجاج میں کلیدی رول ادا کرنے والی تنظیم کل جماعتی تحریک کا کہنا ہے کہ قومی سطح کے چند اشتعال انگیز ٹی وی چینلیں تعصبانہ ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پُرامن اور دستوری طریقے سے جاری احتجاج کو بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہیں اور لگاتار جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
 
کل جماعتی تحریک کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اس منفی پروپیگںڈے کے ذریعے شاہین باغ کے احتجاج کو ناکام کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ کل جماعتی تحریک کے ذمہ داران نے کہا کہ ایسے فرقہ پرست ذہنیت رکھنے والے چینلوں کو ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ آپ ہمارے بارے میں کتنی بھی غلط باتیں پھیلائیں، ہم دستور کے دائرے میں رہ کر اس وقت تک یہ احتجاج جاری رکھیں گے جب تک حکومت یہ قانون واپس نہیں لیتی ہیں۔ الیکٹرانک میڈیا کے چند چینلز مسلسل ناندیڑ کے شاہین باغ کے کوریج کے بہانے منفی باتیں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے چینلوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کل جماعتی تحریک ذمہ داران نے بتایا کہ جس دن سے ناندیڑ کا شاہین باغ احتجاج شروع ہوا ہے اس وقت سے پولیس کے اعلیٰ افسران مسلسل اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ابھی تک ان کی جانب سے کسی بھی قسم کی شکایت دستیاب نہیں ہوئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 846516

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846516/شاہین-باغ-احتجاجیوں-کیخلاف-غلط-خبریں-پھیلائی-جارہی-ہیں-کل-جماعتی-تحریک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org